اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب راولپنڈی کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکائونٹس میں بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 33 ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی بالخصوص جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل کے مقدمات میں وصولی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے بتایا کہ نیب راولپنڈی نے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں جعلی بینک اکائونٹس کیس میں 23.246 ارب روپے وصول کئے ہیں۔ پلی بارگین اور سرکاری اراضی کے ذریعے 31.906 ارب روپے وصول کئے گئے ہیں، سندھ نوری آباد پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی کے منصوبوں میں میسرز ٹیکنومین کائینیٹک پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کو غیر قانونی فائدہ پہنچنے سے متعلق تعلقات میں احتساب عدالت نے ملزمان سید عارف علی اور سید آصف محمود کی 2.13 ارب روپے پلی بارگین کی درخواست منظور کی۔ سندھ سپیشل اینیشیٹو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میسرز حارش اینڈ کمپنی اور دیگر کو غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے ریفرنس نمبر 05/2019 میں احتساب عدالت نے 20.352 ارب روپے پلی بارگین کی درخواست وصول کی۔ احتساب عدالت نے پاکستان سٹیل ملز کی ملکیتی زمین کی خردبرد کے مقدمہ میں ملزمان حماد شاہد، عبدالغنی، طارق بیگ، محمد اقبال، محمد توصیف، عامر، سراج، شاہد اور احسان الہیٰ کی 20.206 ارب روپے پلی بارگین کی درخواست منظور کی۔ احتساب عدالت نے روشن سندھ کے مقدمہ میں ملزمان چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز ظفر انٹرپرائزز ندیم یونس، عبدالستار قریشی، سابق ایگزیکٹو انجینئر آر ڈی ڈی اسلم پرویز میمن، سابق ڈائریکٹر ٹیکنیکل آر ڈی ڈی بلدیپ، ڈائریکٹر ودود انجینئر سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ عذیر تحسین، ڈائریکٹر ودود انجینئر سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ محمد جعفر، سابق ڈویژنل اکائونٹس آفیسر عبدالرشید چنا اور ایاز احمد صدیقی کی 299.97 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے بلال شیخ کے خلاف ریفرنس نمبر 02/2020 میں ملزمان شاہ زیب محمود اور ذوالفقار علی اور ارشد اقبال کی 50 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی، احتساب عدالت نے کراچی کنٹونمنٹ میں غیر قانونی طریقے سے پلاٹ نمبر 216 ای آئی لائن میں پلاٹ کی خریداری کے مقدمہ میں ملزمان شفقت ممتاز اور محمد عبداﷲ کی 11.884 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے حسین لوائی کے خلاف ریفرنس نمبر 02/2019 میں ملزم مجاز ڈائریکٹر بحریہ ٹائون پرائیویٹ لمیٹڈ زین ملک کی 129.78955 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے خواجہ انور مجید کے خلاف ریفرنس نمبر 04/2019 میں ملزم مجاز ڈائریکٹر بحریہ ٹائون پرائیویٹ لمیٹڈ زین ملک کی 1563.01992 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے بحریہ ٹائون سے مشتاق احمد اور زین ملک کے مشترکہ اکائونٹ سے 8.3 ارب روپے منتقلی کے مقدمہ میں ملزم مجاز ڈائریکٹر بحریہ ٹائون پرائیویٹ لمیٹڈ زین ملک کی 31.79456 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے زرداری گروپ کی جانب سے جے وی اوپل 225 میں 1.22 ارب روپے کک بیکس کے مقدمہ میں ملزم مجاز ڈائریکٹر بحریہ ٹائون پرائیویٹ لمیٹڈ زین ملک کی 170 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے بحریہ ٹائون، مشتاق احمد اور زین ملک کے مشترکہ اکائونٹ سے رقوم کی مشتبہ منتقلی کے مقدمہ میں ملزم مجاز ڈائریکٹر بحریہ ٹائون پرائیویٹ لمیٹڈ زین ملک کی 4955.95 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے سندھ ٹریکٹر سبسڈی سکیم میں خردبرد کے مقدمہ میں ملزمان تارا چند، احمد مستوئی اور غلام سرور کی 82.9535ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جعلی بینک اکائونٹ میں املاک کے ذریعے 1005.72 ملین روپے وصول کئے گئے۔ ملزم ندیم احمد خان نے ریفرنس نمبر 03/2019 میں سٹریٹ نمبر 28 اے، بلاک ون، سکیم فائیو، کلفٹن کراچی میں اپنا پلاٹ حوالے کیا۔ منظور قادر کاکا اور دیگر کی جانب سے حکومت سندھ اور پاکستان سٹیل ملز کی ملکیتی زمین میں خردبرد کے مقدمہ میں ملزم سجاول خان نے قانونی وارث یوسف ایدھی کے ذریعے 30.03 ایکڑ غیر قانونی طور پر الاٹ شدہ زمین واپس کی جس کی مالیت 494.78 ملین روپے ہے، سندھ نوری آباد پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی کے منصوبوں میں میسرز ٹیکنومین کائینیٹک پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کو غیر قانونی فائدہ پہنچانے کے مقدمہ میں ملزم امجد حسین کی معافی کی درخواست کے ذریعے 10.94 ملین روپے وصول کئے گئے۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نے بتایا کہ جعلی بینک اکائونٹ کیس میں حکومت سندھ اور پاکستان سٹیل ملز کی ملکیتی اراضی کی خردبرد میں ملوث منظور قادر کاکا اور دیگر کے خلاف مقدمہ میں ملزم امان اﷲ میمن سے بلواسطہ طور پر 334.429 ملین روپے ریکوری کی گئی۔ چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی قیادت میں نیب راولپنڈی کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نیب راولپنڈی مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھے گا۔
چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب راولپنڈی کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے، نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکائونٹس میں 33 ارب روپے کی وصولی کی ہے



