عمرکوٹ (نیشنل ٹائمز) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور انتقال کرگئے۔ اہل خانہ نے نواب یوسف تالپور کے انتقال کی تصدیق کی ہے، ان کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے عمرکوٹ میں آبائی علاقے کنری میں اداکی گئی۔
نواب یوسف تالپور 2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 ضلع عمرکوٹ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ نواب یوسف تالپور متعدد بار رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں، نواب یوسف تالپور بےنظیر بھٹو کی کابینہ میں بھی وفاقی وزیر رہ چکے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا اظہارِ تعزیت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیر و سینئر سیاستدان نواب محمد یوسف تالپور کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔انہوں نے مرحوم نواب یوسف تالپور کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیااورمرحوم کے ورثاء کے ساتھ اظہارِ تعزیت وسوگواران کے ساتھ اظہار ہمدردی کی۔صدر مملکت نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ااظہارِِ افسوس
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے زیرک سیاستدان ایم این اے نواب یوسف تالپور کے انتقال پرغم و رنج کا اظہار کیا۔چئیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نواب یوسف تالپور کے انتقال کی خبر میرے لیے باعثِ صدمہ ہے۔بلاول بھٹو نے یوسف تالپورکو پیپلزپارٹی کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے قومی اسمبلی میں عوام کے حقوق اور سندھ میں وفاق کی جانب سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم پر ہمیشہ واضح موقف رکھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مرحوم نواب یوسف تالپورنے زمانہ طالب علمی سے جمہوری سیات کی شروعات کی۔انہوں نے ایم آر ڈی کے دوران بڑی بہادری سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں،مرحوم کی جمہوری جدوجہد عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواب یوسف تالپور کے صاحبزادے ایم پی اے، نواب تیمورتالپور سمیت پورے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوںاور تیمور تالپور اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز سید نیر بخاری، پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری اور چئیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹر روبینہ خالد نے بھی مرحوم نواب یوسف تالپور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو پارٹی کا بڑا نقصان قرار دیااور ان کی مغفرت کی دعا کی۔



