عمران خان کا ایک قریبی دوست پاکستان سے اسرائیل گیا اور دس گھٹنے اسرائیل میں ٹھہرا،بلاول نے میڈیا سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤ س اسلام آباد میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا بھی تحقیقاتی صحافت کرتا ہے اور اسے بھی تحقیقات کرنی چاہیے کہ عمران خان کا ایک قریبی دوست پاکستان سے اسرائیل گیا اور دس گھٹنے اسرائیل میں ٹھہرا۔ ہم بھی یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اگر یہ جہاز نے کسی اور ملک سے پرواز کی تھی تو اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے صحافتی اداروں نے یہ رپورٹ کیا ہے کہ عمران خان کے قریبی دوست اس جہاز میں سوار تھے۔ اب یہ ساری معلومات عوام کے سامنے آنی چاہئیں۔ ہمیں اس بات پر تشویش ہے کہ رات کی تاریکی میں کیا گیا ہے؟ اگر اس جہاز میں زلفی بخاری نہیں تھے تو پھر کون تھا؟ انہوں نے کہا کہ ہمارے فلسطین سے قریبی تعلقات ہیں اور جس طرح کشمیر کے بارے فیصلہ کرنے اختیار کشمیریوں کو ہے اسی طرح فلسطین کے بارے فیصلہ کرنے کا اختیار فلطینیوں کو ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ سندھ اسمبلی میں ہونے والے واقعے پر تبصرہ کریں انہوں نے کہا کہ جس طرح اسلام آباد میں غیرسنجیدہ لوگ ہیں اسی طرح سندھ اسمبلی میں غیرسنجیدہ لوگ موجو د ہیں جو سمجھتے ہیں کہ وہ ابھی تک کنٹینر پر سوار ہیں۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے اراکین سے پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے اسمبلی میں بجٹ کے دوران ایک بھی کٹ موشن پیش نہیں کی۔ قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے اراکین نے بجٹ میں سنجیدگی سے کٹ موشن پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اسپیکر سندھ اسمبلی اسمبلی کے وقار کو برقرار رکھیں گے۔ اپوزیشن کو ایسی حرکتیں اس اسمبلی میں نہیں کرنی چاہئیں تھیں جہاں سب سے پہلے قرارداد پاکستان پاس ہوئی تھی۔ میں امید کرتا ہوں کہ اسپیکر سندھ اسمبلی اس واقعے میں ملوث تمام اراکین کے خلاف سنجیدہ کارروائی کریں گے۔ امریکہ کو ہوائی اڈے دینے کے بارے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے کسی بھی بیان کو سنجیدہ نہیں لیتے کیونکہ عمران خان ہر معاملے پر یو ٹرن لے لیتے ہیں۔ اس مسئلے پر کل ہمیں نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں بریفنگ دی جائے گی۔ گجر نالہ کے مسئلے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ معاملہ 96 ہزار لوگوں کے متاثر ہونے کا ہے اور ان لوگوں کو وباءکے دور بغیر متبادل رہائش دئیے زبردستی ہٹانا انتہائی افسوسناک ہے جبکہ انہیں معاوضہ بھی برائے نام دیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی متنبع کیا ہے کہ یہ انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ گجر نالے اور دیگر نالوں کو صاف کیا جائے۔ نالے کے قریب کوئی خوشی سے نہیں رہتا اور یہ لوگ نالے پر رہنے پہ مجبور کر دئیے گئے ہیں۔ نالوں کو صاف ہونا چاہیے لیکن اس کے لئے ایک باقائدہ طریقہ کار ہو اور ٹائم فریم دیا جائے اور اس دوران ہمیں یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ ان لوگوں کو رہائش مہیا کی جائے۔ بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا۔ میں نے سندھ حکومت کو کہا ہے کہ سندھ کی کابینہ کو چاہیے وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی اپیل کا نوٹس لیں۔ کیبنٹ اور پارلیمنٹ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے پر غوروخوص کریں اور عدالت سے رجوع کریں گے وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور توہین عدالت کے مرتکب نہیں ہونا چاہتے لیکن ہم عدالت سے اپیل کر رہے ہیں کہ کراچی کی غریب آبادی کو زبردستی بے گھر نہ کیا جائے۔ جن لوگوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے انہیں بجلی اور گیس کے کنکشن ملے ہوئے ہیں اور انہیں اپنی رہائش گاہوں کے بارے میں کوئی جواز پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں اور ان کے گھر ان سے نہیں چھیننے چاہئیں۔ کشمیر کے انتخابات کی الیکشن مہم کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا اور پارٹی کی حمایت کی۔ ہر ایک شخص جانتا ہے کہ گلگت بلتستان میں کس طرح ہماری نشستیں ہم سے دھاندلی کرکے چھینی گئیں لیکن اس کے باوجود پاکستان پیپلزپارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور کسی کے لئے یہ موقع خالی نہیں چھوڑنا چاہتی تاکہ غیرجمہوری لوگ اپنی من مانی کر سکیں تاہم پاکستان پیپلزپارٹی ان غیرجمہوری قوتوں کو آسانی سے اپنا کھیل نہیں کھیلنے دے گی اور ہمیں معلوم ہے کہ ریاست اپنے وسائل کشمیر کے انتخابات میں استعمال کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری انداز میں اپنی مہم چلائے گی اور اگر حکومت میں موجود لوگ اپنی طاقت، اختیار اور پیسے کے ذریعے یہ انتخابات جیتنا چاہیں گے تو ہمیں پتہ ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلزپارٹی کو کشمیر کے عوام سپورٹ کریں گے۔اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ کے فلور پر یہ مطالبہ کیا تھا کہ افغانستان کی صورتحال پر متعلقہ ادارے بریفنگ دیں۔ ہم اسپیکر کے اس فیصلے کو سراہتے ہیں اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔



  تازہ ترین   
پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا: وزیراعظم
امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کر دی: عرب میڈیا
ایرانی جہاز ہماری ناکہ بندی کے قریب بھی آئے تو تباہ کر دیں گے: ٹرمپ
روس ایران کے افزودہ یورینیم اپنے پاس رکھنے کے لیے تیار:کریملن
آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول، راستہ کھلا، سٹریٹجک شراکت داری جاری رکھیں گے: چین
ایران سے جنگ بندی برقرار، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی آج، تیل نہیں بیچ سکے گا: ٹرمپ
ٹرمپ دوبارہ جنگ نہیں کریں گے، اشتعال انگیز بیانات پسپائی کے عکاس ہیں: اکانومسٹ
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 5000 سے زائد پوائنٹس کی کمی





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر