کوئٹہ ( نیشنل ٹائمز) بلوچستان کے علاقہ ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے جانے والے اس آپریشن میں بی ایل اے کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، اس مقصد کے لیے سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقہ ہرنائی میں بی ایل اے کے ٹھکانوں پر جوائنٹ آپریشن کیا۔
سکیورٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوان مارے جانے والے 6 اہم دہشت گردوں میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین، محمد گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادرمری عرف انجیر بلوچ، عبید بلوچ عرف فدا اور تاج محمد عرف بابل شامل ہیں، تمام ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم لوگوں پر براہ راست حملوں میں ملوث تھے، ان دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، جن کی ہلاکت سے بی ایل اے کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب بلوچستان کی غیور عوام نے بھی نام نہاد آزادی کا لبادہ اوڑھے دہشت گردوں کو مسترد کردیا۔
ادھر وفاقی حکومت نے پاک فوج، سول آرمڈ فورسز کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کابینہ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ1997ء میں ترمیم کرنے کی منظوری دے دی، سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997ء کی سیکشن الیون ای ای ای ای (11EEEE) میں ترمیم کے لیے قانون سازی کی جائے گی جس سے سیکیورٹی فورسزکو دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر آپریشن کے لیے قانونی تحفظ ملے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال کو دکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے جن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے شبے میں کسی بھی مشکوک شخص کو قبل ازوقت حراست میں لے سکیں گی، انٹیلیجنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی جاسکیں گی، قومی سلامتی کے لیے خطرات کے حامل افراد کو حراست میں لیا جاسکے گا، جے آئی ٹیز جامع تحقیقات کریں گی اور دہشت گردوں کے بارے معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔



