تل ابیب (نیشنل ٹائمز) ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے ، حملے کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔عرب میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کئے گئے، میزائلوں کا ہدف دارالحکومت تل ابیب ہے۔
اسرائیلی فوج نے بتایاکہ ایران نے بیلسٹک میزائل داغے ہیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں سائرن بجنے لگے، اسرائیل نے تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر جانے کا کہہ دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے بتایاکہ میزائل حملوں کے دوران شیلٹرز میں جانے کیلئے بھگدڑ میں کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی گئی۔اسرائیلی میڈیا نے بتایاکہ اسرائیل کی فضائی حدود بند کردی گئی ہیں اور ہوائی اڈوں پر موجود تمام مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
حملے کے بعد اسرائیلی نے جنگی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ امریکی صدر نے بھی قومی سلامتی ٹیم کی میٹنگ بلالی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہیگارے نے کہا کہ امریکا نے ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق اسرائیل کو آگاہ کیا ہے، اسرائیل اپنے حلیف ممالک کے ہمراہ انتہائی چوکس ہے۔
اسرائیلی وزیر خزانہ بیزالیل سموترخ نے تل ابیب پر میزائل حملے پر ردعمل دیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ غزہ، حزب اللہ اور لبنانی ریاست کی طرح ایران بھی اس لمحے پر پچھتائے گا۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کابدلہ قرار دیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو دوبارہ نشانہ بنایاجائے گا۔



