فیصل آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیاست کو ماضی میں بدنام کیا گیا، نوجوانوں کے نعرے لگانے والے بڑے آئے لیکن میں اپنے نوجوانوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کیا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہو جس میں گالم گلوچ ہو، اِس کو پکڑ لو اُس کو پکڑ لو، چور ڈاکو کے جھوٹے الزامات ہوں، نوازشریف کے دور میں اس بات پر بحث و مباحثہ ہوتا تھا کہ ملک میں کتنی ترقی ہوئی اور آج بحث اس بات پر ہوتی ہے کون کتنی اونچی آواز میں گالی نکالتا ہے، اچھی سیاست نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ پنجاب پر حملہ آور ہونےکی دھمکی دیتا ہے، موٹرویز پر ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طوفان بدتمیزی کیا گیا، پنجاب میں آکر قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا، جو زبان جلسے میں استعمال کرتے ہیں کیا وہ درست ہے؟ عوامی منصب پر بیٹھے وزیر اعلیٰ عوام کو کیا درس دے رہے ہیں؟ اگر اللہ نے عزت دی ہے تو اپنے صوبےکی خدمت کریں، تم جلسےکرتے رہو گے تو عوام کی خدمت کب کرو گے؟۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبوں میں جا کر جلسہ کرنا، جلاؤ گھیراؤ کی باتیں کرنا بہت آسان کام ہے، ان کے پاس گالم گلوچ کے سوا کوئی کرنے والا کام نہیں اور ان کا سارا دھیان کسی کی عزت کیسے اچھالنی ہے اس پر مرکوز ہے، جو آپ کو کہے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کرو وہ آپ کا دشمن ہے، جوآپ کو جلاؤ گھیراؤ پر مجبور کرے وہ ملک دشمن ہے، جو آپ کو کہےکہ شہداء کی بے حرمتی کرو وہ ملک دشمن ہے، پنجاب کے عوام کو اکسانے کی کبھی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پوری توجہ عوام کے علاج اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے مخالف پر حملہ آور ہونے پر مرکوز ہے اور میں پنجاب کے جس بھی ہسپتال میں جاتی ہوں وہاں خیبرپختونخواہ کے مریض ملتے ہیں، ہم نے چلڈرن ہسپتال میں ہارٹ سرجری پروگرام شروع کیا ہے جس میں ایک ہفتہ سے بھی کم وقت میں 100 سے زائد بچوں کی سرجریز کی گئی ہیں اور اس میں سے بہت سارے مریض خیبرپختونخواہ سے آئے ہوئے تھے۔
مریم نواز کہتی ہیں کہ پاکستان کے سب سے بڑے اور تاریخی کسان پیکیج کا اجرءا کرنے جا رہے ہی، میری کابینہ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان وزیرکام کر رہے ہیں، ایک ہزار نوجوانوں کے لیے 60 ہزار ماہانہ اعزازیہ پروگرام لانچ کیا ہے، عوام کی خدمت میری ذمہ داری ہے، بلا کسی سیاسی تفریق کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں، میں ہر سیاسی جماعت کے کارکن کی وزیراعلیٰ ہوں، نوجوان اپنے محفوظ مستقبل کے لیے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔



