اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) وفاقی حکومت نے راولپنڈی میں چھ ماہ کے لیے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے 21 اگست 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاکستانی فوج کی تین کمپنیوں کو راولپنڈی میں حساس سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے تعینات کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی فوری طور پر مؤثر ہو گی اور اس کی مدت چھ ماہ مقرر کی گئی ہے، فوج کو ضلعی انتظامیہ کی ضرورت کے مطابق کسی بھی ہنگامی یا غیر متوقع صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے مطابق راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ پنجاب کے محکمہ داخلہ کی درخواست پر کیا گیا، نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ نے 22 جولائی 2026 کو فوج کی تعیناتی کے لیے درخواست کی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار یا غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے میں معاونت کرے گی۔



