اسلام آباد(نیشنل ٹائمز )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کاانتخابی اصلاحات پر کل جماعتی کانفرنس بلانے کا بڑا فیصلہ،جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد حزب اختلاف کی اے پی سی بلانے کے اقدام کی حمایت کر دی ۔اس حوالے سے شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر مشاورت کی اور آگاہ کیا کہ متنازعہ حکومتی الیکشن بل پر کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم آپ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،شہباز شریف نے مزید کہاکہ اے پی سی میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیاجائے گا ۔انتخابات کی نگرانی اور اس عمل کو جانچنے والی مختلف تنظیموں اور اداروں کو بھی دعوت دی جائے گی۔جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اے پی سی شفاف، غیر جانبدارانہ اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے میں اہم موقع بن سکتی ہے جس پر شہباز شریف نے کہاکہ سنجیدہ اور عوام کی منتخب جمہوری جماعتوں کی انتخابی اصلاحات پر مشاورت اور قومی حکومت عملی ناگزیر ہے۔جے یو آئی اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ آپ کی تجویز بروقت اور مناسب ہے، ہم تائید کرتے ہیں۔
شہبازشریف کا انتخابی اصلاحات پر کل جماعتی کانفرنس بلانے کا بڑا فیصلہ، مولانافضل الرحما ن اور بلاول بھٹو کو بذریعہ ٹیلیفون آگاہ کردیا



