اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان سے ججر تقرری کے ترمیمی بل سے متعلق ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ جاکر ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملکی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں اراکین قومی اسمبلی سید خورشید شاہ، نوید قمر، میئر کراچی مرتضی وہاب اور جمیل سومرو شامل تھے۔ جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، اراکین قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، میر عثمان بادینی اور مولانا مصباح الدین شامل تھے۔
جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں سینیٹر کامران مرتضی، مولانا اسعد محمود اور انجینئر ضیاء الرحمان بھی شامل تھے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید خورشید شاہ نے چیئرمین پی پی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سے ملنے پہلی بات نہیں آئے، پہلے بھی آتے رہے ہیں، سیاسی و ذاتی تعلقات ہیں، مولانا فضل الرحمان کو کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بل بنارہی ہے، آپ ہمارے ساتھ بیٹھیں ہم اس بل کو تیار کرتے ہیں، ہم مولانا کو اعتماد میں لینے آئے تھے۔
مولانا فضل الرحمان کو کہا اگر کوئی تحفظات ہیں تو ہمیں بتا دیں۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کے عوام ملک، آئین قانون کے مطابق ہم قانون سازی کریں، قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا حق ہے، ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔مل جل کر پارلیمنٹ کو طاقتور بنانا ہے، مولانا فضل الرحمان سے بل پر مشاورت کریں گے ، جب مولانا متفق ہوں گے تو بل پیش کیا جائے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء نوید قمر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بات ہوئی ہے کہ ہم متفقہ مسودہ تیار کریں گے، اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کا فوکس آئینی عدالت سے متعلق اصلاحات کرنا ہے، مولانا نے بھی اتفاق کیا ہے۔



