اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) تحریک انصاف کے 8 ستمبر کے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے تحریک انصاف کے 8 ستمبر کو ہونے والے جلسے کے مقام کو تبدیل کردیا۔ علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد انتظامیہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور جلسہ گاہ کی تبدیلی کے حوالے سے آگاہ کیا جس پرضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کا مقام تبدیل کرتے ہوئے نیا این او سی جاری کر دیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق 8 ستمبر کو تحریک انصاف کا جلسہ جی ٹی روڈ پر واقع مویشی منڈی کے پاس گراؤنڈ میں ہوگا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کی کورکمیٹی نے 8 ستمبر کے جلسے کی حکمت عملی تیار کرلی ، جلسے کیلئے ملک بھر سے لوگوں کو سنگجانی لایا جائے گا۔
میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدلیہ سے متعلق کوئی بل قانون سازی کیلئے آیا تو بھرپور مخالفت کی جائے گی۔
8ستمبر جلسے کیلئے ملک بھر سے لوگوں کو سنگجانی لایا جائے گا، تمام ایم این ایز کو اپنے حلقوں سے لوگوں کو جلسے میں لانے کا ٹاسک دے دیا گیا۔پی ٹی آئی امیدوار کی کارنر میٹنگ پر پولیس چھاپے کی بھرپور مذمت کی گئی۔پی ٹی آئی کی کورکمیٹی نے کہا کہ 8 ستمبر کو ہرحال میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ کریں گے۔ کورکمیٹی اجلاس میں نیب ترامیم کے پیش نظر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز میں ریلیف کیلئے درخواست دینے کی تجویز پیش کی گئی۔
مزید برآں پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے پاس ہونے والے پرامن احتجاج بل 2024ء کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا، پارلیمان ہمیشہ ملک کی عوام کے مفاد میں اور عوام کو تحفظ دینے کیلئے قانون سازی کرتی ہیں لیکن اس حکومت نے اور پی ڈی ایم حکومت نے جو بھی قوانین بنائے وہ مخصوص ٹولے کو فائدہ دینے کیلئے بنائے۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب ، رؤف حسن ،شبلی فرار اور شیخ وقاص اکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس قانون سازی میں حصہ دار بنے ہیں وہ تاریخ میں درج ہو گئے ہیں، تاریخ انہیں سیاح حروف میں لکھے گی، بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت نے جلد بازی میں ایک قانون پاس کروایا جو کہ آئین کے آرٹیکل 16 کی خلاف ورزی ہے۔ ہم نے اس بل کے خلاف اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی۔ کیا پر امن جلسہ کرنے پر 3 سال سزا دی جائے گی؟ اس سب کے باوجود پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں جلسے کرے گی۔ رؤف حسن نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا اور یہ ججمنٹ نیب ترامیم کے خلاف آئی۔ سپریم کورٹ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا اگر حکومت کی اپیل منظور ہوگئی تو آپ کو فائدہ ہوگا لیکن عمران خان نے کہا مجھے ذاتی فائدہ نہیں قوم کا مفاد عزیز ہے۔



