اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حضرت بلھے شاہؒ کی شاعری رواداری اور اتحاد کا درس دیتی ہے۔قصور میں صوفی شاعر بابا بلھے شاہ ؒکے 267 ویں عرس کے موقع پراپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زداری نے کہا کہ بلھے شاہ نے مذاہب، فرقوں، ذاتوں کی تقسیم سے بالاتر ہو کر محبت، امن اور انسانیت کا عالمگیر پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ بلھے شاہ انٹرنیشنل پیس یونیورسٹی کے قیام کیلئے اپنی سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائی ہیں، بلھے شاہ انٹرنیشنل پیس یونیورسٹی کا قیام قصور کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے، بلھے شاہ نے ہمارے ثقافتی اور روحانی ورثے پر گہرے اثرات چھوڑے۔آصف علی زرداری نے کہا ہ بلھے شاہ کی شاعری استعاروں اور حکمت سے بھری ہے، ہمیں برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور ہمدردی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بلھے شاہ کی تعلیمات کے مطابق مکالمے، افہام و تفہیم اورباہمی احترام کو فروغ دیا جائے ،بلھے شاہ کی تعلیمات پر عمل اور ان کے پیغام کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔
حضرت بلھے شاہ ؒکی شاعری رواداری اور اتحاد کا درس دیتی ہے، صدرمملکت



