واشنگٹن (نیشنل ٹائمز) امریکہ نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کردی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد حملوں میں سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، موسیٰ خیل میں 23 بے گناہوں شہریوں کا قتل قابل مذمت ہے، پاکستان عوام نے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکہ اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے، ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔
اسی حوالے سے پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان جوناتھن لالی نے اپنے بیان میں کہاکہ امریکہ بلوچستان میں ہوئے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں سیکیورٹی اہل کاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور موسٰی خیل میں 23 معصوم شہریوں کو قتل کر دیا گیا، ہمارے دل گزشتہ روز کے ان حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور پیاروں کے لیے غمزدہ ہیں، امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
اسی طرح چین نے بھی پاکستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مخالفت کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے، سماجی اتحاد اور استحکام کو برقرار رکھنے اور لوگوں کے تحفظ کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تیار ہے تاکہ مشترکہ طور پر علاقائی امن و سلامتی کا تحفظ کیا جائے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب ، برطانیہ اور یورپی یونین نے بھی بلوچستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ، یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی ترجمان نبیلہ مسرالی کا کہنا ہے کہ ہم بلوچستان میں علیحدگی پسند گروپوں کے گھناؤنے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی اور تشدد کی کہیں جگہ نہیں، ایسی کارروائیاں جمہوریت کی بنیادوں کیلئے خطرہ ہے، ہماری ہمدردی دہشت گرد حملے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہے۔



