اسلام آباد ( نیشنل ٹائمز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کو کسی صورت ملک میں انتشار و بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وادی تیراہ ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج، نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے بہادر افسران و جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد خارجی لیڈران سمیت 25 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور 11 کو زخمی کرکے گرفتار کیا۔
وزیراعطم کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے افواجِ پاکستان کے جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، ملک میں امن کے قیام کیلئے افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، فتنہ الخوارج کو کسی صورت ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، دہشت گردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ضلع خیبر کے علاقہ وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 25 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) سے معلوم ہوا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقہ تیراہ میں فتنہ الخوارج اور نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کر رہی ہیں، مضبوط انٹیلی جنس پر مبنی ان کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ افراد کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 20 اگست 2024ء سے کی جانے والی ان جرأت مندانہ اور انتہائی کامیاب کارروائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے اب تک 25 خوارج کو ہلاک کردیا، جن میں خارجی سرغنہ ابوذر عرف صدام بھی شامل ہے، ان کارروائیوں میں 11 دہشت گرد زخمی ہوئے، آپریشن کے دوران 4 بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا، ان کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کو پہنچنے والا بھاری نقصان ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔



