لاہور( نیشنل ٹائمز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام حکمرانوں کے مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے مزید اٹھانے کو تیار نہیں، کل کو چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہوگی، حکومت تاجر دوستی کے نام پر تاجر دشمن اسکیمیں متعارف کرا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بدھ (کل) کو چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہو گی، حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن اسکیمیں متعارف کرا رہی ہے، یقین ہے کوئی تاجر تنظیم اپنی کمیونٹی اور عوام کے مفاد کے خلاف حکومتی جھانسے میں نہیں آئے گی، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں وہی کام کریں جو ملک و قوم کے حق میں ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں، ہم ان کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، عوام حکمرانوں کے مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے مزید اٹھانے کو تیار نہیں، تاجر ٹیکس دینے کو تیار، مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انھیں منظور نہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، حکمران طبقہ اپنے خرچے کم کرے، آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں تو خودبخود تاجروں اور عوام کو ریلیف ملے گا، کل کی ہڑتال ایک دن کی کوشش، حکومت کو مجبور کریں گے اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا، کل ہی تاجروں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
مزید برآں اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات پوری قوم کے لیے صدمہ بھی ہے اور ہوشربا بھی حکومتی رِٹ عملا ختم ہوگئی ہے۔ فوج، سول انتظامیہ، سیکورٹی فورسز اور خفیہ حساس ادارے ‘آخری دہشت گرد کے خاتمہ میں کیوں ناکام ہیں اِس ناکامی کو کوئی تو قبول کرے۔ بلوچستان میں دہشت گردی اور قوم پرستی کے لبادہ میں تعصبات اور صوبائی، لسانی، علاقائی بنیادوں پر انسانوں کی ٹارگٹ کلنگ قوم پرستی نہیں کھلی دہشت گردی ہے۔ عوام مذہبی، لسانی، قوم پرستی اور علاقائیت کی بنیاد پر ہر دہشت گردی کو مسترد کرتی ہے۔



