تہران (نیشنل ٹائمز) ایران کے پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نینی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف ایران کے جوابی حملے کا انتظار طویل ہوسکتا ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پاسداران انقلاب بریگیڈیئر جنرل علی محمد نینی نے اسرائیل پر ممکنہ جوابی حملے سے متعلق کہا کہ وقت ہمارے حق میں ہے اور اس جواب کے لیے انتظار کا دورانیہ طویل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو منظم اور باقاعدہ جواب انتظار کرنا چاہیے، ایرانی رہنما حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ ہمارا جواب ماضی کی کارروائیوں کا تسلسل نہ ہو۔ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل علی محمد نینی صہیونی حکومت نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت میں خاص اہداف طے کیے تھے لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا، دشمن سمجھا تھا کہ وہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے جنگ کے میدان میں اپنی ناکامیوں کا ازالہ کرے گا لیکن اس کے برعکس مزاحمتی محاذ زیادہ مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کی جانب سے مختلف انداز میں کی گئی جارحیت کا جواب دینے کے لیے انتہائی پرعزم ہیں اور اس وقت مقبوضہ علاقوں میں مقیم لوگ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے لیے کیے گئے اقدامات کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔



