لاہور (نیشنل ٹائمز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچادی جس کے باعث 11 افراد جاں بحق ہوئے اور کئی علاقے زیر آب آگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لاہور، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد، لاڑکانہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، ملک بھر میں ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالے بپھر گئے، اسی طرح بلوچستان میں توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، قلعہ عبداللہ، پشین اور زیارت میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے فصلوں کو نقصان ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقہ چمن میں ریلوے ٹریک ریلے میں بہہ گیا، نوشکی میں ریلوے ٹریک میں شگاف پڑگیا جس کی وجہ سے پاک ایران ریلوے رابطہ منقطع ہوگیا، سندھ میں جیکب آباد کے علاقے گڑھی خیرو کے قریب نہر میں 70 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا جس سے دھان کی فصل زیرِ آب گئی، خیرپور، سکھر اور مضافاتی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، سکھر میں سب سے زیادہ 172 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔
علاوہ ازیں قمبر شہدادکوٹ میں موسلا دھار بارش سے کچے مکان کی چھت گرنے سے 16 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی، تحصیل وارہ کے گاؤں سوائی چانڈیو میں چھت گرنے سے 16 سالہ لڑکی نویدہ چانڈیو دب کر جاں بحق ہوئی، ورثاء نے اپنی مدد آپ کے تحت جاں بحق لڑکی کی لاش باہر نکالی، اسی طرح کندھ کوٹ اور گرد و نواح میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جہاں بڈانی کے قریب گاؤں بلند بھٹو میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 5 بچے شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق خاتون کی شناخت امیراں کے نام سے ہوئی، زخمی بچوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، ضلع بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلا جنڈولہ بازار میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچا، طوفانی بارشوں سے وانا گومل زام روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی مقامات پر بند ہوگئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، خیبر میں بارش کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی آگئی، متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی انتظامات میں مصروف ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک میں 19 اگست تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، آج سندھ، پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے بعض علا قوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، کراچی میں موسلا دھاربارش کا امکان ختم ہوگیا جبکہ پیر تک ہلکی برسات متوقع ہے۔



