سرینگر(نیشنل ٹائمز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں ملٹری آپریشن کے لیے جانے والی بھارتی فوج کی پارٹی کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا،بھارتی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا کے ایک جنگل میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر بھارتی فوج دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشن کرنے پہنچی تھی،تاہم مسلح افراد نے گرفتاری دینے کے بجائے شدید مزاحمت کی اور رات 4گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن مارا گیا جب کہ ایک شہری زخمی ہوا ہے،رات کو ناکام آپریشن اور کیپٹن کے مارے جانے کے بعد کارروائی روک دی گئی اور صبح تازہ دستوں کے پہنچنے پر سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا،سیکیورٹی فورسز کو آپریشن کے مقام سے امریکی ساختہ ایم 4اسالٹ رائفل اور خون میں لت پت 4بیگز بھی ملے جس میں آلات اور لاجسٹکس موجود تھے،بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ مقابلے کے مقام سے ملنے والے سامان پر اور جگہ جگہ خون کے دھبے ہیں۔ جس سے لگتا ہے کہ مسلح افراد شدید زخمی ہیں اور آس پاس ہی کہیں پناہ لیے ہوئے ہیں اور ان کی تعداد 4ہوسکتی ہے،خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں یہ مقابلہ بھارتی یومِ آزادی کی تقریبات سے ایک دن پہلے اس وقت ہوا جب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، آرمی اور قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ ایک سیکیورٹی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے،یاد رہے کہ اسی علاقے میں گزشتہ برس ستمبر میں ایک کمانڈنگ آفیسر، ایک میجر اور ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو دہشت گردوں نے ہلاک کر دیا تھا اور گزشتہ ماہ ضلع کپواڑا میں ہونے والے ایک مقابلے میں بھی ایک بھارتی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔
مقبوضہ کشمیر، سرچ آپریشن میں بھارتی فوج کا کیپٹن فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک



