اسلام آباد ( نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی حکومت اور آئینی اداروں کے مابین جتنا تعاون آج موجود ہے اتنا تعاون اپنے چالیس سالہ سیاسی کیریئر میں نہیں دیکھا، پاکستانی فوج کے سپہ سالار کی جانب سے سیاسی حکومت کے ساتھ جو تعاون کیا جارہا ہے وہ پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے جو آئندہ کیلئے رول ماڈل ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپہ سالار حافظ ہیں اور قرآن کا نور ان کے دماغ اور دل میں رچا بسا ہوا ہے، سپہ سالار کی پر جوش، ایمان افروز اور دلوں کو گرما دینے والی تقریر کے بعد مزید کسی اضافے کی ضرورت نہیں، انہوں نے قرآن کریم اور احادیث کی روشنی میں جو گفتگو کی وہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے، سپہ سالار نے جو آج گفتگو کی وہ اسی کی عکاسی ہے اور اسی کا بتایا ہوا راستہ ہے جو دنیا کا خالق و مالک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک کے لیے قائداعظم کی قیادت میں تحریک چلائی گئی، 14 اگست کو 77 واں یوم آزادی منا رہے ہیں، جس کے حصول کے لیے لاکھوں کروڑوں لوگوں نے جان کی قربانی دی، اس ملک کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے بہت قربانیاں دیں، ہمیں آج جتنا متحد ہونےکی ضرورت ہے شاید پہلے نہ تھی، فتنہ الخوارج نے اسلامی تاریخ میں تباہ کن کردار ادا کیا تھا، ہمیں اس سے سبق حاصل کرتے ہوئے وہ لوگ جو پاکستانی ہونے کا دعوی کرنے کے لبادے میں ملک دشمنی کرتے ہیں ان کا مقابلہ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نو مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا دلخراش ترین واقعہ ہے، اس سے قبل 1971ء میں جو سانحہ پاکستان کے ساتھ ہوا جب قائد کا ملک دو لخت کردیا گیا، ان کرداروں کے ساتھ آج جو سلوک وہاں ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، جو بویا گیا وہی آج ادھر کاٹا جارہا ہے۔



