اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم و وزرائے اعلیٰ سمیت سب کو 1300 سی سی گاڑیاں دی جائیں، تمام ججوں کو بھی تیرہ سو سی سی گاڑیاں فراہم کی جائیں، بڑی بڑی گاڑیوں کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج اس دھرنے کو چار روز ہو گئے ہیں، یہ تاریخی دھرنا عزم اور حوصلے کا پوری دنیا کو پیغام دے رہا ہے، عوام پر بجلی کے بم گر رہے ہیں، کوئی عوام کی داد رسی کرنے والا نہیں ہے انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں جو حکومت نے طے کر لیا وہی ہو گا‘ آج خواتین بڑی تعداد میں جلسہ میں شامل ہوں گی لاہور میں خواتین کو روکا گیا ہزاروں کی تعداد میں خواتین کو روک لیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وفاق او رپنجاب میں ایک ہی خاندان کی حکومت ہے یہ رکاوٹیں ڈال کر اپنے حالات خراب کر رہے ہیں لاہور میں بھی دھرنا شروع ہوچکا ہے، ہم نے 25 کروڑ لوگوں کی ترجمانی کرنا فرض سمجھا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی حکمت اور عزم سے پر عزم مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے، دھرنے کا شرکا گرمی، حبس اور بارش کے باوجود موجود ہیں، آئے دن شرکا کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، آج خواتین کا بڑا جلسہ منعقد کرنے جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم و وزرائے اعلی سمیت سب کو 1300 سی سی گاڑیاں دی جائیں، تمام ججوں کو بھی تیرہ سو سی سی گاڑیاں فراہم کی جائیں، بڑی بڑی گاڑیوں کو بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم جونیجو نے ایک ہزار سی سی گاڑی سب کے لیے رکھی تھی، حکومت کی عیاشیاں ختم نہیں ہوں گی بوجھ عوام پر پڑتا رہے گا. حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہو 2019 میں جو معاہدے ختم ہوئے ان کو پھر معاہدے دے دیئے گئے 2 ہزار ارب روپے سے زائد کی رقم عوام دے رہی ہے حکومت تنخواہ دار لوگوں کو برباد نہ کرے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دینا چاہیے، کارکنان سے کہتا ہوں الجھنے کی بجائے فوکس حکومتی اقدامات پر رکھیں، بعض لوگ پارٹیوں میں اختلافات ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ورکر ہمارا دشمن نہیں عام ایجنڈا ہے، سب سیاسی پارٹیوں کو دعوت ہے اس دھرنے میں شریک ہو۔



