اسلام آباد ( نیشنل ٹائمز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما ہمیشہ لاشوں کی تلاش میں رہتے ہیں، ان کی کوشش یہ تھی بنوں واقعہ کا الزام فوج پر لگایا جائے کہ شہریوں پر فائرنگ ہوگئی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ حقائق عوام کےسامنے رکھنا چاہتا ہوں، پی ٹی آئی ملکی معیشت کو تباہ کرنا چاہتی ہے، ملک میں ایک سیاسی جماعت کو تحریک انتشار کہتے ہیں، یہ ہمیشہ لاشوں کی تلاش میں رہتے ہیں، پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے کہا ہم اتنے طالبان کو واپس لا کر بسا رہے ہیں، آپ کو ہمیشہ طالبان خان کہا جا تا تھا اور آپ طالبان کے ہمدرد تھے، آپ کے اندر تشدد کی سیاست رچی بسی ہے، یہ جو تحریک طالبان پاکستان تحریک انصاف ہے، یہ آج بھی اس کوشش میں ہے کہ کہیں سے سیاست کے لیے لاشیں مل جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 15 جولائی کو ہمارے 8 جوان شہید ہوئے، ان کی کوشش یہ تھی بنوں واقعہ کا الزام فوج پر لگایا جائے کہ شہریوں پر فائرنگ ہوگئی، کل عمران خان نے بیان دیا کہ شہریوں پر براہ راست فائرنگ ہوگئی، سوشل میڈیا پر بچوں کی تصاویر لگا کر کہا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ہوگیا، یہ جو لاشوں کی تلاش ہے یہ ختم ہونے کا نام نہیں لیتی، کہیں سے لاش مل جائے اور ہم کہہ دیں کہ انہوں نے ہمارے لوگ مار دیئے، یہ لاشوں کی تلاش 2014 سے جاری ہے، میں لاشیں اٹھا کر کہوں کہ میرے اتنے لوگ مرگئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ بنوں میں تاجروں کا ایک امن مارچ تھا، اس میں چند سیاسی جماعتوں کے لوگ شامل ہوئے، تحریک انتشار کے لوگ بھی شامل ہوئے جنہوں نے جہاں دہشت گردی کا واقعہ ہوا وہاں جا کر فائرنگ کردی، جس کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہوئی، باقی 22 لوگ بھگدڑ مچنے سے زخمی ہوئے، یہ بھگدڑ دہشت گردی کی جگہ سے ایک کلو میٹر کے فیصلے پر ہوئی، وہ بھی ان کے لوگ مسلح جھتوں کی شکل میں اندر شامل تھے، جو فائرنگ کرتے ہیں اور افرا تفری پھیلاتے ہیں۔



