اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال چودھری نے کہا ہے کہ ہمارا بیانیہ پہلے پاکستان پھرسیاست ہے۔ کچھ عناصرپاکستان کوکمزورکرنا چاہتے ہیں،ایسے عناصرسوشل میڈیا پرشہدا کی بے حرمتی کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادرجوان پاکستان کی بقا کے لیے جانیںدے رہے ہیں۔جمعہ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی مشکل سے آج استحکام کی طرف جارہا ہے، ملک اب بہتری کی جانب رواں دواں ہے، مخالفین کے پروپیگنڈے کے باوجود آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت نے کامیاب معاہدہ کیا، ہمارا بیانیہ پہلے پاکستان پھرسیاست ہے۔دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اب معاشی استحکام چاہتے ہیں،سٹاک مارکیٹ اور روپے کی قدر میں بہتری آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بعد ٹی ایل پی نے دھرنا ختم کردیا ہے، حکومت کسی طرح کسی جماعت سے بلیک میل نہیں ہوگی۔رہنما ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے پاکستان کو کمزور کرنے کی بات کرتے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کوئی انگریزی بولے تو اس پر پابندی نہ لگائیں، گزشتہ چارسال پاکستان کوزخمی کیا گیا، اب ملک میں مہنگائی کم ہورہی ہے، کسی بھی ادارے میں کوئی ٹکرائونہیں ہے، ہمارے محافظوں کے خلاف روز مہم چلائی جاتی ہے۔
ہمارا بیانیہ پہلے پاکستان پھر سیاست ہے، دانیال چودھری



