اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان 4 نکات پر اتفاق رائے کے بعد تحریک لبیک نے فیض آباد کے مقام پر دھرنا ختم کر دیا۔۔معاہدہ میں طے پایا ہے کہ معاہدے کے مطابق پاکستان نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دے کر عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم کے سد باب کا مطالبہ کرے گا، ساتھ ہی پاکستان تمام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے گا۔معاہدے کے مطابق فلسطین میں پاکستان کی امداد بڑھائی جائے گی، حکومت فی الفور فلسطین کو غذائی امداد بھیجے گی۔معاہدے کے مطابق حکومت 31 جولائی تک ایک ہزار ٹن تک طبی اور غذائی مدد فلسطین بھیجے گی۔معاہدے میں یہ شق بھی شامل ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کرے گی۔ معاہدے پر حکومت کی جانب سے مشیرسیاسی امورراناثنااللہ اوروزیراطلاعات عطااللہ تارڑکے دستخط ہیں جبکہ ٹی ایل پی کی طرف سے ڈاکٹرشفیق امینی اورعلامہ غلام عباس فیضی کے د ستخط ہیں۔ خیال رہے کہ ٹی ایل پی نے فلسطین کے حوالے سے اپنے مطالبا ت منوانے کے لیے گزشتہ کئی روز سے اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا دیا ہوا تھا۔حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور ٹی ایل پی رہنمائوں نے پریس کانفرنس میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا۔
حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدہ، فریقین کا 4 نکات پر اتفاق



