اسلام آباد،لاہور،کراچی، پشاور،کوئٹہ (نیشنل ٹائمز) نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم ترین قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے موقع پر جلوس بر آمد ہوئے ،، مجالس اور عزاداری کی گئی اور لنگر حسینی اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا اس موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے، موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی ۔تفصیل کے مطابق لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں جلوسوں، مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری رہا ، عزاداروں کی جانب سے سینہ کوبی اور نوحہ خوانی بھی کی گئی ۔اس موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، سکیورٹی خدشات کے باعث مختلف شہروں میں جلوس اور مجالس کے علاقوں میں موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لئے لنگر حسینی اور سبیلوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو ا جو کہ اپنے روایتی راستوں اور علاقوں سے ہوتا ہوا، اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ اور پرانی انارکلی سے گزرتا ہوا خیمہ سادات کے مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جگہ جگہ واک تھرو گیٹس لگا دیئے گئے ہیں جبکہ جلوس کی آمد گاہ اور تمام راستے کو سیل کردیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ویں محرم کا جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی6سے برآمد ہوا جوکہ امام بارگاہ پہنچ کر ختم ہو ا ۔سکیورٹی کیلئے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس میں شامل ہونے کیلئے واک تھرو گیٹس لگائے گئے ، مختلف مقامات پر جلوس کی گزرگاہ کے اطراف کے راستوں کو سیل کردیا گیا ۔کراچی میں نومحرم الحرام کا جلوس لیاقت آباد مارٹن کوارٹر سے برآمد ہوا۔ شہر قائد میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھادر حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو ا۔ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق ایم اے جناح روڈ کو دن میں ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا شہری کوریڈور تھری، سولجر بازار، کشمیر روڈ، پیپلز چورنگی اور شارع قائدین کے متبادل راستے استعمال کر سکتے ہیں ، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے راستوں میں موبائل فونز سگنل بھی بند رکھے گئے ، جلوس کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات رہے ۔ ادھر پشاور میں نویں محرم کے مجموعی طور پر 18 ماتمی جلوس برآمد ہوئے ، شبیہ ذوالجناح کے 2 مرکزی جلوس نکالے گئے ۔پشاور میں پہلا جلوس صدر امام بارگاہ حسینیہ ہال سے صبح 10 بجے جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ قمربنی ہاشم علی کالونی سٹی سے 3 بجے برآمد ہو ا، عزادار زنجیر زنی اور سینہ کوبی کی گئی ، جلوس مقررہ راستوں سے ہو کر اپنی امام بارگاہوں پراختتام پذیرہو ئے ۔جلوس کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، صدر اور اندرون شہر مکمل طور پر سیل رہا جبکہ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی ۔ کوئٹہ میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر میں نکالا گیا ، جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا سے شروع ہو کر وہیں اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، جلوس کے دوران امام بارگاہ جانیوالے راستوں کو سیل کر د یا گیا تھا ، پولیس، ایف سی اور دیگر فورسز کے 5 ہزار اہلکار 9 اور 10 محرم کی سکیورٹی کے معمور رہے ۔سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل فون سروس معطل رہی ۔آزادکشمیر میں بھی مختلف شہروں میں جلوس بر آمد ہوئے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔دریں اثناء آج دسویں محرم الحرام کو بھی ملک بھر میں جلوس برآمد ہونگے اس سلسلے میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔
امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم ترین قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے موقع پر جلوس برآمد ہوئے ، مجالس اور عزاداری ، لنگر حسینی اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا



