اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کے صاحبزادے سید فرخ شاہ کی نیب کی جانب سے گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی گرفتاری ضروری نہیں ہے مگر فرخ شاہ کی گرفتاری ضروری ہے۔ نیب سید خورشید احمد شاہ کو ان کے خاندان سمیت ہراساں کر رہا ہے۔ سید خورشید شاہ دو سال سے قید میں ہیں مگر ان کے خلاف تحقیقات مکمل نہیں ہو ئیں۔ خورشید احمد شاہ کے خلاف تحقیقات اس لئے مکمل نہیں ہو رہیں کیونکہ ان پر لگائے گئے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیب شرمندگی سے بچنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب چینی اور گندم کا بحران کرکے لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے ڈرتا ہے کیونکہ لوٹ مار کرنے والے عمران خان کے مالی سہولت کار ہیں۔ سید نیر بخاری نے کہا کہ سید خورشید شاہ کا جرم یہ ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت اگر یہ سمجھتی ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے سید خورشید احمد شاہ ڈر جائیں گے تو یہ عمران خان اور ان کے آقاؤں کی بھول ہے۔
خورشید شاہ کے صاحبزادے کی گرفتاری پر سید نئیر حسین بخاری کا شدید ردِ عمل



