بیجنگ (شِنہوا) چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ چین کے خلائی سٹیشن تیان گونگ میں داخل ہوتے ہی پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے استقبال کے لئے تازہ تیار کردہ کیک کی ایک پلیٹ ان کی منتظر تھی۔یہ خصوصی استقبال خلائی سٹیشن کے پہلے غیر ملکی عملے کے رکن کے لئے کیا گیا، جبکہ اس موقع پر خلائی باورچی خانے میں ہونے والی نئی پیش رفت بھی نمایاں ہوئی۔علی اور ان کے 2 چینی ساتھی خلاباز بدھ کی سہ پہر تیان گونگ خلائی سٹیشن میں داخل ہوئے۔ اس سے چند گھنٹے قبل شین ژو-24 خلائی جہاز بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ مرکز سے روانہ ہوا تھا۔شین ژو-23 مشن کی رکن اور چین کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے سے تعلق رکھنے والی پہلی خلاباز لی جیا ینگ نے سٹیشن کے اوون میں تازہ تیار کردہ چھوٹے کیک کی ایک پلیٹ پیش کی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے آپ کے استقبال کے لئے ابھی یہ خلائی کپ کیک تیار کئے ہیں۔شین ژو-23 مشن کے کمانڈر ژو یانگ ژو نے کہا کہ ’’یہ آج ہی بیک کئے گئے ہیں۔‘‘ علی نے دونوں ہاتھوں سے پلیٹ کو تھاما، جھک کر کیک کی خوشبو سونگھی اور چینی زبان میں کہا کہ ’’بہت اچھے یہ خوشگوار منظر تیان گونگ خلائی سٹیشن میں زندگی کی ایک ابتدائی جھلک پیش کرتا ہے، جہاں اس وقت 6 خلاباز مشترکہ طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ علی اور شین ژو-23 کے عملے کے 2 ارکان اس مشترکہ قیام کی مدت ختم ہونے کے بعد زمین پر واپس آنے والے ہیں۔مدار میں زندگی سے ہم آہنگ ہونے کے لئے خوراک علی کے لئے ایک اہم پہلو ہوگی۔ اس بات پر بھی خاص توجہ دی جائے گی کہ ان کے لئے خصوصی طور پر تیار کئے گئے کھانے ان کے ذائقے اور غذائی ضروریات کے مطابق کس حد تک ہیں۔اس سلسلے میں تیاریاں خلائی مشن کی روانگی سے بہت پہلے شروع کر دی گئی تھیں۔ اپریل میں علی اور ان کے ہم وطن خرم داؤد کو چین کے خلائی مشن کی تربیت کے لئے حتمی امیدواروں کے طور پر منتخب کئے جانے کے فوراً بعد آسٹروناٹ سنٹر آف چائنہ (اے سی سی) نے خلائی خوراک کا مینو تیار کرنا شروع کر دیا تھا۔ادارے نے موجودہ خلائی خوراک کی فہرست میں موجود اشیاء کا جائزہ لیا اور ان میں ترمیم کر کے 100 سے زائد اشیاء پر مشتمل ایک مخصوص پاکستانی غذائی ذخیرہ تیار کیا، جس میں پاکستانی ذائقوں کے مطابق 7 خصوصی پکوان بھی شامل کئے گئے، جن میں بیف نہاری اور مٹن قورمہ شامل ہیں۔اے سی سی کے چھن جون لی نے بتایا کہ ’’ہم نے کھانوں کی ترکیبیں اس طرح تیار کیں کہ توانائی اور غذائیت کے مقررہ معیار پورے ہوں۔ اس کے ساتھ مدار میں قیام کے ابتدائی دنوں میں ہلکی اور آسانی سے ہضم ہونے والی غذا کی ضرورت کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ بعد ازاں ان کی انفرادی ضروریات کے مطابق مینو میں مزید تبدیلیاں کی گئیں۔چھن نے کہا کہ ’’پاکستانی شہری ہلدی اور سالن جیسے مصالحوں کو پسند کرتے ہیں، اس لئے ہم نے مقامی ذائقوں کے مطابق چنے کا سالن اور بٹر چکن جیسے خلائی کھانے تیار کئے۔ خوراک کی تیاری کا پورا عمل مکمل طور پر حلال ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کھانوں کو بار بار چکھا گیا اور رائے کی روشنی میں ان کی ترکیبوں میں مسلسل بہتری لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ’’کھانوں کو چکھنے کے دوران ان کا ردعمل مثبت رہا۔ٹیم نے خلابازوں کی تجاویز کی روشنی میں مینو میں مزید تبدیلیاں بھی کیں۔ چھن نے بتایا کہ ’’ابتدائی منصوبے میں ہم نے پاکستان کی مقبول چائے شامل کرنے کا ارادہ کیا تھا، لیکن چین آنے کے بعد انہیں چینی کالی چائے اور چاول بہت پسند آئے۔ انہوں نے مشن کے دوران ان دونوں اشیا کی زیادہ مقدار فراہم کرنے کی درخواست کی، اس لئے ہم نے مینو تیار کرتے وقت اس بات کو بھی مدنظر رکھا۔خلائی باورچی خانے میں کی جانے والی وسیع تر بہتریاں کسی ایک خلاباز کے لئے مخصوص نہیں ہیں۔ سی ایم ایس اے کے مطابق تیان گونگ خلائی سٹیشن پر دستیاب کھانوں کی اقسام بڑھ کر تقریباً 200 ہو گئی ہیں، جبکہ مینو کا دورانیہ بھی بڑھا کر 10 دن کر دیا گیا ہے۔مائیکروویو اوون اور بیکنگ کے آلات کی سہولت کے باعث اب خلاباز 20 منٹ کے اندر گرم کھانے تیار کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ خلا ہی میں تیار کی گئی تازہ روٹی، سبزیوں اور خشک میوہ جات سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
چین کے خلائی سٹیشن میں پاکستانی خلاباز کی آمد پر “خلائی باورچی خانے” کے پکوانوں میں تبدیلی



