واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ کمپیوٹنگ نظام ’’کلاؤڈ ون‘‘ پر ہیکرز نے سائبر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں حساس فوجی، عملے اور لاجسٹکس سے متعلق ڈیٹا کو خطرات لاحق ہوگئے۔
خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ہیکرز نے سافٹ ویئر کی ایک خامی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سسٹم کے کنٹرول تک رسائی حاصل کی، سائبر حملے کا انکشاف سسٹم اپ گریڈ کے دوران ہوا، جس کے باعث پلیٹ فارم کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کے اہلکاروں کی تنخواہوں، لاجسٹکس اور فوجی سازوسامان کی دیکھ بھال سے متعلق ڈیٹا محفوظ رکھتا ہے، جبکہ امریکی فضائی دفاع کے ریڈار ڈیٹا اور میزائلوں کی نقل و حرکت کی معلومات بھی اس نظام کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب سائبر حملے کے بعد کلاؤڈ ون پر متعدد ایپلی کیشنز منتقل کرنے کا عمل روک دیا گیا جبکہ بعض صارفین کے ایڈمنسٹریٹر اختیارات بھی واپس لے لیے گئے، امریکی سائبر کمانڈ کو حملے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ تاحال ہیکرز کی شناخت، حملے کے مکمل دائرہ کار اور ڈیٹا چوری ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب امریکی فوج کے مختلف اداروں میں حالیہ دنوں کے دوران سائبر حملوں اور ڈیٹا لیکس کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔



