لاہور (نیشنل ٹائمز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریوں کی مسلسل عدم حاضری پر سپیکر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ ایوان کو تماشا بنا رکھا ہے، متعدد بار خطوط لکھنے کے باوجود حکومتی رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ حکومت کا اسمبلی کو سنجیدہ نہ لینا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ دو گھنٹے 30 منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والا اجلاس صرف 15 منٹ بعد ملتوی کر دیا گیا۔
بعدازاں اسمبلی احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ صوبوں کا اختیار سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور ریفرنڈم کا اصل اختیار عوام کے پاس ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر معاملات کا حل نکالنا چاہیے ، دنیا کے 60 ممالک میں اہم فیصلوں کے لیے ریفرنڈم کو ذریعہ بنایا جاتا رہا ہے ۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ ریفرنڈم کے معاملے پر صوبائی نمائندوں کو بھی احتیاط سے بات کرنی چاہیے۔



