شینزین(نیشنل ٹائمز)دنیا بھر میں چپ کی قلت اور نئے فونز کی بڑھتی قیمتوں کے باعث استعمال شدہ (سیکنڈ ہینڈ)سمارٹ فونز کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس کا سب سے بڑا مرکز چین کا جنوبی شہر شینزین بن چکا ہے ۔ افریقا سے بنگلہ دیش اور پاکستان تک کے تاجر ٹوٹی سکرینوں والے پرانے فونز بھی بڑی تعداد میں خرید کر اپنے ممالک لے جا رہے ہیں تاکہ مرمت کے بعد انہیں منافع بخش قیمت پر فروخت کیا جا سکے ۔چینی ایسوسی ایشن آف سرکلر اکانومی کے مطابق دنیا میں سمارٹ فونز تیار کرنے والے سب سے بڑے ملک چین میں سالانہ 40 کروڑ سے زائد موبائل فونز ضائع یا تبدیل کیے جاتے ہیں۔
شینزین کی معروف الیکٹرانکس مارکیٹ ‘ہواچیانگبے ‘ میں پرانے فونز کے ڈھیروں کا جائزہ لیتے ہوئے 38 سالہ پاکستانی تاجر اختر محمد نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ پورے چین سے خراب موبائل فونز یہاں آتے ہیں اور تاجر انہیں خرید کر پاکستان لے جاتے ہیں، جہاں ان کی مرمت کر کے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جاتا ہے ۔2007 سے چین کا سفر کرنے والے اختر محمد کے مطابق پاکستان میں لوگ امریکا اور یورپ کی طرح ہر چھ ماہ یا ایک سال بعد فون تبدیل کرنے کے بجائے ایک ہی فون چار سے پانچ سال تک استعمال کرتے ہیں اور خراب ہونے پر اسے بدلنے کے بجائے مرمت کو ترجیح دیتے ہیں۔ریسرچ فرم کاؤنٹر پوائنٹ کے تجزیہ کار ایوان لیم کے مطابق جنوبی ایشیا اور افریقہ جیسی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں قوتِ خرید کم ہونے کے باعث صارفین استعمال شدہ ماڈلز کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ کاؤنٹر پوائنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں استعمال شدہ اسمارٹ فونز کی عالمی منڈی میں سالانہ بنیادوں پر 13فیصد اضافہ ہوا اور حجم 15 کروڑ یونٹس تک پہنچ گیا۔



