بیجنگ (شِنہوا)عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات اور ایک ایسے اہم موڑ، جہاں ماحولیاتی نظام میں ناقابل واپسی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں، کے قریب پہنچنے کے تناظر میں اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) ترکیہ کے شہر انطالیہ میں شروع ہو گئی ہے۔
یہ کانفرنس عالمی برادری کو موثر موسمیاتی تعاون کے لئے نئی قوت پیدا کرنے کا ایک اور موقع فراہم کر رہی ہے۔
انسانیت کے مشترکہ مستقبل پر مبنی برادری کی تعمیر کے لئے عالمی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم کے تحت چین کے صدر شی جن پھنگ بارہا عالمی برادری پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے تعاون مضبوط بنائے۔ انہوں نے باہمی مفادات پر مبنی تعاون کے لئے ایک منصفانہ اور مساوی عالمی موسمیاتی نظام حکمرانی کے قیام کو بھی فعال طور پر آگے بڑھایا ہے۔
شی جن پھنگ نے 2015 میں پیرس میں منعقدہ تاریخی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کے دوران فرانسیسی ادیب وکٹر ہوگو کے ناول ’’لی میزریبلز‘‘ سے ایک فکر انگیز قول نقل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’عظیم وسائل انتہائی پختہ عزم سے جنم لیتے ہیں‘‘۔
اس سربراہ اجلاس کے دوران شی جن پھنگ نے اہم تصورات اور تجاویز پیش کیں اور مختلف فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کیں، جس سے بالآخر پیرس معاہدے کو منظور کرانے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔
ستمبر 2016 کو منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شی جن پھنگ نے پیرس معاہدے میں چین کی شمولیت کی دستاویز باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کے اس وقت کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے حوالے کی۔
بان کی مون نے 2021 میں شِنہوا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’اگر صدر شی جن پھنگ کی یہ پہل نہ ہوتی تو شاید آج بھی ہمارے پاس موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدہ نہ ہوتا۔‘‘
موسمیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لئے چین نے وہ بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے جنہیں شی جن پھنگ نے ’’غیر معمولی پختہ عزم‘‘ قرار دیا۔ 2020 میں اقوام متحدہ کے ایک آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شی جن پھنگ نے اعلان کیا تھا کہ چین 2030 سے قبل کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کی بلند ترین سطح تک پہنچنے اور 2060 سے قبل کاربن نیوٹریلٹی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ 2021 میں انہوں نے عہد کیا کہ چین بیرون ملک کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے نئے منصوبے تعمیر نہیں کرے گا۔
حالیہ برسوں میں بعض ترقی یافتہ ممالک، خصوصاً مغربی ممالک نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹنے کا راستہ اختیار کیا ہے، جس سے عالمی موسمیاتی نظام حکمرانی کو نقصان پہنچا ہے۔ اس پس منظر میں شی جن پھنگ نے 2025 میں چین کے 2035 کے قومی سطح پر متعین کردہ موسمیاتی اہداف کا اعلان کیا۔ ان میں معیشت کے تمام شعبوں سے گرین ہاؤس گیسوں کے خالص اخراج کو بلند ترین سطح کے مقابلے میں 7 سے 10 فیصد تک کم کرنا اور 2035 تک توانائی کی مجموعی کھپت میں غیر فوسل ایندھن کا حصہ 30 فیصد سے زیادہ کرنا شامل ہے۔
پہلی مرتبہ چین نے معیشت کے تمام شعبوں اور گرین ہاؤس گیسوں کی تمام اقسام کا احاطہ کرنے والے اخراج میں قطعی کمی کے اہداف مقرر کرنے کا عہد کیا ہے، جس سے عالمی موسمیاتی نظام حکمرانی کو درکار یقین دہانی اور استحکام فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ دنیا میں ماحول دوست ترقی کی جانب منتقلی کے عمل میں انصاف اور مساوات کو برقرار رکھا جائے اور ترقی پذیر ممالک کے ترقی کے حق کا مکمل احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’’اس منتقلی کا مقصد شمال اور جنوب کے درمیان فرق کو بڑھانے کے بجائے کم کرنا ہونا چاہیے۔‘‘ انہوں نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں پہل کریں اور ترقی پذیر ممالک کو مالی و تکنیکی معاونت فراہم کریں۔
شی جن پھنگ کی قیادت میں چین موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شی جن پھنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو انٹرنیشنل گرین ڈیویلپمنٹ کولیشن کے قیام کی تجویز پیش کی اور ایک سرسبز برکس شراکت داری کی تعمیر کی حمایت کی ہے۔
ان اہداف پر مبنی اقدامات کے ذریعے چین صاف توانائی، سبز ٹیکنالوجی اور ماحول دوست صنعتی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنا چاہتا ہے، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے میں بھی مدد فراہم کر رہا ہے۔
شی جن پھنگ کا کہنا ہے کہ ’’زمین ہمارا واحد گھر ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے کوششوں کو تیز کرنا انسانیت کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔‘‘
صدر شی جن پھنگ کی عالمی موسمیاتی تعاون کے فروغ کے لئے غیر معمولی کوششیں



