بیجنگ (شِنہوا) چین نے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے میں 7 شدت کے زلزلے کے بعد امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مدد کے لئے سیٹلائٹس اور ڈرونز تعینات کر دیئے ہیں۔
چائنہ ایئرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن (سی اے ایس سی) نے جمعہ کو بتایا کہ زلزلے کے فوراً بعد اس نے ہنگامی مواصلاتی سہولتیں فراہم کرنے اور زلزلے سے متاثرہ علاقے کی تصاویر حاصل کرنے کے لئے سیٹلائٹس کے وسائل کو مربوط کیا اور انہیں بروئے کار لایا۔
سی اے ایس سی نے بتایا کہ وزارت ہنگامی انتظام، مقامی ہنگامی انتظامی حکام اور بڑی ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں کے لئے تیز رفتار ڈیٹا کی ترسیل کی صلاحیت رکھنے والے متعدد سیٹلائٹ انٹرنیٹ ہنگامی سروس لائنیں فعال کر دی گئی ہیں۔ ان خدمات کے لئے مزید ٹرمینلز بھی زلزلہ سے متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کئے جا رہے ہیں۔
زلزلہ سے متاثرہ علاقے کی سیٹلائٹ تصاویر حاصل کرنے کی درخواستوں کے جواب میں سی اے ایس سی نے فوری طور پر گاؤفین-4 سمیت دیگر سیٹلائٹس کو مشاہدے کے لئے متحرک کیا۔ جمعہ کی صبح 7 بجے (بیجنگ وقت) تک ادارہ زلزلے سے پہلے کی 4 اور زلزلے کے بعد کی 3 تصاویر فراہم کر چکا تھا۔ ان تصاویر سے امدادی کارروائیوں، بچاؤ کے کاموں اور نقصانات کا جائزہ لینے میں نمایاں مدد ملی۔
چائنہ ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن (اے وی آئی سی) کے مطابق بغیر پائلٹ کے فضائی طیارے ونگ لونگ نے جمعہ کی علی الصبح شی زانگ خودمختار علاقے کے شہر شی گازےکے ایک ہوائی اڈے سے پرواز کی اور زلزلہ سے متاثرہ علاقے میں پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لینے اور مواصلاتی سہولتیں فراہم کرنے کے مشن انجام دیئے۔
اے وی آئی سی نے بتایا کہ ونگ لونگ ڈرونز کی دیگر ٹیمیں بھی تعیناتی کے لئے تیار ہیں۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی فضائیہ نے بھی آدھی رات کے قریب ایک ڈرون زلزلہ سے متاثرہ علاقے میں بھیجا تاکہ وہاں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
چین کے شی زانگ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سیٹلائٹس اور ڈرونز تعینات



