چینی وزیراعظم نے سرحد پار پل کو چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کی دوستی کی نئی علامت قرار دے دیا

بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے جمعرات کو چین اور عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) پر زور دیاہے کہ وہ دریائے یالو پر دونوں ممالک کے درمیان نئے پل کے افتتاح کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سرحدی گزرگاہوں پر آمدورفت اور کسٹم کلیئرنس کے نظام کو مزید بہتر بنائیں، رابطوں کو فروغ دیں، سرحدی علاقوں میں تعاون کے امکانات سے فائدہ اٹھائیں اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود بہتر بنائیں۔
لی نے کہا کہ یہ پل چین اورعوامی جمہوریہ کوریا کی روایتی دوستی کی علامت کے طور پر ایک نئی پہچان بن جائے گا۔
انہوں نے یہ بات چین کے صوبے لیاؤننگ اورعوامی جمہوریہ کوریا کے صوبے نارتھ پیانگ آن کو ملانے والے پل کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کہی۔
لی نے کہا کہ یہ پل سرحد پار بنیادی ڈھانچے کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس میں جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ اور جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن نے مشترکہ طور پر دلچسپی لی اور اس کی تعمیر کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے پل کا افتتاح نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو موثر انداز میں فروغ دے گا بلکہ لوگوں کی آمدورفت میں بھی اضافہ کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان جذباتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
لی نے کہا کہ چین اور ڈی پی آر کے دوستانہ سوشلسٹ ہمسایہ ممالک ہیں، جنہیں پہاڑ اور دریا ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی جماعتوں اور حکومتوں کی اعلیٰ قیادت کی تزویراتی رہنمائی میں چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں اور ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔
لی نے کہا کہ شی نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ بین الاقوامی منظر نامہ چاہے جیسے بھی بدلے، چین کی پارٹی اور حکومت کا چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کی روایتی دوستی کو بڑی اہمیت دینے کا غیر متزلزل موقف برقرار رہے گا،عوامی جمہوریہ کوریا کے سوشلسٹ مقصد کی قیادت کرنے میں کم جونگ اُن کے لئے غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی اور دونوں فریقوں کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنے اور ایک سازگار سٹریٹجک ماحول کو برقرار رکھنے کا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
لی نے کہا کہ چین عوامی جمہوریہ کوریا کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد جاری رکھنے، تزویراتی رابطوں کو مضبوط بنانے، باہمی سیاسی اعتماد مستحکم کرنے، عملی تعاون کو وسعت دینے اور کثیرالجہتی امور پر ہم آہنگی بڑھانے کے لئے تیار ہے، تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مسلسل گہرا کیا جا سکے اور دونوں عوام کو مزید فوائد پہنچائے جا سکیں۔
عوامی جمہوریہ کوریا کی کابینہ کے وزیراعظم پاک تھائے سونگ نے بھی تقریب سے ویڈیو خطاب کیا۔



  تازہ ترین   
ٹرمپ امریکا، اسرائیل میں انتخابات ہونے کے بعد ایران پر بڑے حملے کر سکتے ہیں: امریکی جریدہ
فرانس میں بڑھتی مہنگائی، ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران متعدد شہروں میں جھڑپیں
اسرائیل کے مقبوضہ علاقے ایک گھنٹے میں ناقابل رہائش بن جائیں گے، ایران نے خبردار کر دیا
پاکستان ہر موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا، حفاظت کر رہا ہے: فاروق عبداللہ
افغان طالبان ٹی ٹی پی، بی ایل اے جیسے گروہوں کی معاونت ختم کریں: پاکستان
نائیجیریا میں مسلح افراد کے ایک گاؤں پر حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک
ایران پر نئے حملے پر غور کر رہے ہیں، شاید کل ہی شروع کر دیں: امریکی صدر
پاکستان، برطانیہ، فرانس سمیت 8 ملکوں کا مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے سفارتی حل پر زور





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر