چین کا لیبیا میں سیاسی تعطل جلد از جلد ختم کرنے پر زور

اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں چین کے ایک مندوب نے لیبیا میں سیاسی تعطل جلد از جلد ختم کرنے کے لئے کوششیں کرنے پر زور دیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سہولت کاری میں ہونے والے محدود مشاورتی اجلاس “فورپلس فور” میں طے پانے والا معاہدہ لیبیا کے سیاسی لائحہ عمل پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ یہ معاہدہ لیبیا کے ریاستی اداروں کو متحد کرنے میں مدد دے گا اور قومی انتخابات کے انعقاد اور سیاسی انتقال اقتدار کا عمل مکمل کرنے کی بنیاد فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کا انحصار اس بات پر ہے کہ اسے لیبیا کے تمام فریقوں کی وسیع حمایت حاصل ہوتی ہے یا نہیں۔ لیبیا کے سیاسی عمل کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری کو اس اصول کی پاسداری کرنی چاہیے کہ سیاسی عمل کی قیادت لیبیا خود کرے اور اس کی ملکیت بھی اسی کی ہو۔ بیرونی حل مسلط کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
سن لی نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی تعطل کو جلد از جلد ختم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیبیا کی سکیورٹی کی صورتحال کا اس کے سیاسی عمل سے گہرا تعلق ہے۔ کوئی بھی نیا مسلح تصادم بڑی کوششوں سے حاصل ہونے والے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور سیاسی کوششوں کو بے نتیجہ بنا سکتا ہے۔
سن لی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مغربی لیبیا میں توانائی کی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی تشویش کا باعث ہے۔ متعلقہ فریقوں کو چاہیے کہ وہ حملے بند کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو صورت حال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوجی اور سکیورٹی اداروں کو متحد کرنا مستقل جنگ بندی برقرار رکھنے کے لئے انتہائی اہم ہے۔ یہ انتخابات کے پرامن انعقاد اور اقتدار کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لئے بھی ایک اہم شرط ہے۔ چین مشرقی اور مغربی لیبیا کے فریقوں کی جانب سے مذاکرات کو مضبوط بنانے، باہمی اعتماد بڑھانے اور اس عمل کو تیز کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو لیبیا کی خودمختاری اور اس کی قیادت میں جاری عمل کا احترام کرتے ہوئے سرحدی نگرانی بہتر بنانے، سرحد پار جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی اور ہتھیاروں کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لئے ملک کی مزید معاونت کرنی چاہیے۔
سن لی نے لیبیا میں معاشی نظم و نسق اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بھی کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ لیبیا کے ایک اچھے دوست کی حیثیت سے چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے اور لیبیا میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لئے مزید کوششیں کرنے کو تیار ہے تاکہ وہاں کے عوام جلد از جلد امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔



  تازہ ترین   
ٹرمپ امریکا، اسرائیل میں انتخابات ہونے کے بعد ایران پر بڑے حملے کر سکتے ہیں: امریکی جریدہ
فرانس میں بڑھتی مہنگائی، ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران متعدد شہروں میں جھڑپیں
اسرائیل کے مقبوضہ علاقے ایک گھنٹے میں ناقابل رہائش بن جائیں گے، ایران نے خبردار کر دیا
پاکستان ہر موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا، حفاظت کر رہا ہے: فاروق عبداللہ
افغان طالبان ٹی ٹی پی، بی ایل اے جیسے گروہوں کی معاونت ختم کریں: پاکستان
نائیجیریا میں مسلح افراد کے ایک گاؤں پر حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک
ایران پر نئے حملے پر غور کر رہے ہیں، شاید کل ہی شروع کر دیں: امریکی صدر
پاکستان، برطانیہ، فرانس سمیت 8 ملکوں کا مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے سفارتی حل پر زور





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر