سان فرانسسکو (شِنہوا) امریکہ کی 8 ریاستوں کے اٹارنی جنرلز نے اوپن اے آئی کے خلاف الگ الگ مقدمات دائر کئے ہیں۔ ان میں مصنوعی ذہانت کی اس کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس کا چیٹ بوٹ، چیٹ جی پی ٹی بچوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور کمپنی اس کی حفاظت کے بارے میں صارفین کو گمراہ کر رہی ہے۔
یہ مقدمات ریاستوں آئیووا، کنساس، نیبراسکا، ویسٹ ورجینیا، آرکنساس، ایریزونا، آئیڈاہو اور مونٹانا نے ریاستی عدالتوں میں الگ الگ دائر کئے، یہ کارروائی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی ریاستوں کی مشترکہ قانونی کوشش کا حصہ ہے۔
ریاستوں کے اٹارنی جنرلز کی جانب سے جاری بیانات اور عدالتی دستاویزات کے مطابق اوپن اے آئی پر الزام ہے کہ اس نے چیٹ جی پی ٹی کو اس انداز میں تیار کیا کہ وہ صارفین کی باتوں سے حد سے زیادہ اتفاق کرتا ہے اور انسانی ہمدردی کا اظہار کرنے کی نقل کرتا ہے۔ اس سے صارفین چیٹ بوٹ پر اعتماد کرنے لگتے ہیں اور اس کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں۔
مقدمات میں الزام لگایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی غیر حقیقی یا وہمی خیالات کو تقویت دے سکتا ہے، طبی معاملات میں خطرناک مشورے دے سکتا ہے اور بعض صورتوں میں صارفین کو خود کو یا دوسروں کو نقصان پہنچانے کی ترغیب بھی دے سکتا ہے۔
ریاستوں نے اوپن اے آئی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ چیٹ جی پی ٹی کی حفاظت کے بارے میں صارفین کو گمراہ کر رہی ہے اور اس سے وابستہ معلوم خطرات کو مناسب طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ طرز عمل ریاستی قوانین برائے تحفظ صارفین کی مبینہ خلاف ورزی ہے۔
مقدمات میں عدالتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اوپن اے آئی کو چیٹ جی پی ٹی کے کام کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کرنے اور صارفین کے تحفظ کے اقدامات مضبوط بنانے کا حکم دیں۔ اس کے علاوہ دیوانی جرمانوں اور ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
بعض مطالبات میں یہ بھی شامل ہے کہ ایسے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تیاری پر پابندی لگائی جائے جو خود کو بہتر بنا سکتے ہیں جب تک یہ ثابت نہ ہو جائے کہ یہ ماڈلز انسانی اقدار کے مطابق کام کرتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے ترجمان ڈریو پوسیٹیری نے کہا کہ کمپنی نے عمر کے لحاظ سے حفاظتی اقدامات متعارف کرائے ہیں، جن میں والدین کے کنٹرول کی سہولت، وقفہ لینے کی یاد دہانیاں اور صارفین کی عمر کے مطابق حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
پوسیٹیری نے کہا کہ کمپنی حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے اور پوری صنعت پر لاگو ہونے والی مصنوعی ذہانت کی پالیسیوں کی تیاری میں ریاستوں کے ساتھ تعاون کے لئے ماہرین کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔
یہ مشترکہ قانونی کارروائی جون میں فلوریڈا کے اٹارنی جنرل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی سے وابستہ مبینہ حفاظتی خطرات پر دائر کئے گئے مقدمے کے بعد سامنے آئی ہے۔
امریکہ کی 8 ریاستوں کا چیٹ جی پی ٹی سے متعلق مبینہ حفاظتی خطرات پر اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ



