بیجنگ (شِنہوا) چینی مین لینڈ کےایک ترجمان نےکہا ہے کہ چینی مین لینڈ “تائیوان کی آزادی” کے انتہائی حامی علیحدگی پسند شین پاؤ یانگ کے والد کی جانب سے مین لینڈ کے اداروں کے ساتھ کاروباری لین دین جاری رکھنے اور سابقہ سزاؤں سے بچنے کے لئے استعمال کی جانے والی ایک کمپنی پر پابندیاں عائد کرے گا۔
ریاستی کونسل کے امور تائیوان دفتر کے ترجمان چھن بن ہوا نے معمول کی پریس کانفرنس میں بتایا کہ چینی مین لینڈ نے جون 2025 میں شین پاؤ یانگ کے والد شین تو- چھینگ کی سربراہی میں کام کرنے والی کمپنی سیکوئنز انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ شین تو- چھینگ نے پابندیوں سے بچنے اور اقتصادی فوائد حاصل کرنے کے لئے وی وے نامی ایک دوسری کمپنی کے ذریعے چینی مین لینڈ کی کمپنیوں کے ساتھ تجارت اور کاروباری تعاون جاری رکھا۔
چھن نے کہا کہ چینی مین لینڈ تائیوان کی علیحدگی کے سخت حامی عناصر سے وابستہ کمپنیوں کو یہاں سے منافع کمانے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وی وے پر چینی مین لینڈ کے اداروں، کمپنیوں اور افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کے کاروباری لین دین پر پابندی عائد کی جائے گی۔
مین لینڈ پر سرگرم تائیوان کے معروف فنکار کیون تسائی کی جانب سے تائی پے کے میئر کے عہدے کے لئے ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (ڈی پی پی)کے امیدوار شین پاؤ یانگ کے انتخابی مہم کے مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں چھن نے کہا کہ چینی مین لینڈ تائیوان کے ہم وطنوں کے آزادی اظہار اور تقریر کے جائز حقوق کا احترام اور تحفظ کرتی ہے، تاہم بنیادی معاملات پر کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔
چھن نے کہا کہ تائیوان چین کااٹوٹ حصہ ہے اور ایک چین کا اصول بین الاقوامی برادری میں وسیع اتفاق رائے رکھتا ہے۔ یہ آبنائے تائیوان کے دونوں جانب رہنے والے لوگوں کے درمیان مشترکہ سیاسی بنیاد بھی ہے۔
شین پاؤ یانگ کے اقدامات کو بدنام زمانہ قرار دیتے ہوئے چھن نے کہا کہ چینی مین لینڈ ’’تائیوان کی آزادی‘‘ کی ہر قسم کی علیحدگی پسند سرگرمیوں کی سخت مخالفت کرتی ہے۔
چھن نے کہا کہ ’’کوئی بھی شخص یا قوت چینی مین لینڈ کی ترقی سے فوائد حاصل کرتے ہوئے ’تائیوان کی آزادی‘ کی علیحدگی پسند قوتوں کے ساتھ گٹھ جوڑ نہیں کر سکتی۔‘‘
قومی دن کی تعطیلات کے دوران تائیوان کے فنکاروں کی جانب سے اپنے آبائی وطن کے لئے مبارک باد کے پیغامات سوشل میڈیا پر جاری کرنے سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں چھن نے کہا کہ حب الوطنی کا ایسا اظہار تائیوان کے ہم وطنوں کے لئے فطری ہے اور چینی مین لینڈ ان کی مکمل حمایت اور قدر کرتی ہے۔
چھن نے ڈی پی پی کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ تائیوان کے فنکاروں کو بار بار دھمکیاں دیتی اور انہیں خوف زدہ کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات تائیوان کے عوام کے حب الوطنی کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچاتے ہیں۔
چینی مین لینڈ “تائیوان کی آزادی” کے حامی علیحدگی پسند سے وابستہ کمپنی پر پابندی عائد کرے گا، ترجمان



