اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)وزارت خارجہ نے شہریوں کی سہولت کے لئے دستاویزات کی تصدیق کا مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ، جس کے تحت شہری اب گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکیں گے اور تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر ای سرٹیفکیٹ بھی ای میل کے ذریعے موصول ہو گا۔نئے نظام کے تحت شہریوں کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کے دفاتر کے بار بار چکر لگانے اور طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ شہری آن لائن درخواست جمع کرانے کے بعد اپنی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے عمل سے متعلق آگاہی حاصل کر سکیں گے ۔وزارت خارجہ کے مطابق دستاویزات کی جانچ پڑتال اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو فیس آن لائن جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی ، فیس کی ادائیگی کے بعد ای سرٹیفکیٹ شہری کے فراہم کردہ ای میل ایڈریس پر جاری کر دیا جائے گا،ڈیجیٹل نظام کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو تیز، آسان اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی، وزارت خارجہ کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا اقدام سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کو گھر بیٹھے سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔
وزارت خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا



