پاکستان میں چین کا تعمیر کردہ پن بجلی منصوبہ دوستی کی روشن مثال

اسلام آباد (شِنہوا) چین کے قومی دن کی تعطیلات کے دوران پاکستان میں چین کے تعمیر کردہ مہمند پن بجلی منصوبے کی مرمتی ورکشاپ میں کام جاری رہا۔ ویلڈنگ کی چنگاریوں اور مشینوں کی آوازوں کے درمیان یہاں عملہ کام میں مصروف نظر آیا۔
پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں دریائے سوات پر واقع 800میگاواٹ کا مہمند پن بجلی منصوبہ چائنہ گیزوبا گروپ کارپوریشن (سی جی جی سی) تعمیر کر رہی ہے۔
منصوبے پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں میں ویلڈر بلال اصغر بھی شامل ہیں، جو کئی برس سے اپنے چینی ساتھیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ویلڈنگ کی مہارت کے ساتھ ساتھ چینی ساتھیوں سے کام میں صبر، باریک بینی اور مہارت بھی سیکھی ہے۔
32 سالہ بلال اصغر نے تعطیلات کے دوران چینی ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے کہا کہ سٹیل پر نشانات لگانے اور اسے کاٹنے سے لے کر رگڑنے، شکل دینے اور ویلڈنگ تک اس کام میں ہاتھ کی مضبوط گرفت اور باریکیوں پر خصوصی توجہ درکار تھی۔ ہم نے ایک فن پارہ تیار کیا ہے تاکہ اپنے چینی ساتھیوں کے ساتھ اس موقع کی خوشی بانٹ سکیں۔ وہ اپنے گھر سے دور رہ کر دونوں ملکوں کے عوام کے روشن اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستانی کارکنوں نے صرف سٹیل کے فن پارے ہی تیار نہیں کئے بلکہ اپنے چینی ساتھیوں کے ساتھ قومی پرچم لہرانے کی تقریبات میں بھی شرکت کی، روایتی کھیل کھیلے اور مل کر کھانا کھایا۔
مہمند پن بجلی منصوبے کے ویلڈر اور فیبریکیٹر جاوید اقبال نے کہا کہ ان تقریبات سے چینی اور پاکستانی ساتھی دوستی، محبت اور باہمی احترام کے ماحول میں ایک دوسرے کے قریب آئے اور ان تقریبات نے کام کی جگہ کو دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کی خوشگوار تقریب میں تبدیل کر دیا۔
اقبال نے کہا کہ مہمند منصوبے پر ہم صرف ساتھی کارکن نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے ایسے شراکت دار ہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتے اور روزانہ ایک دوسرے کی مہارت اور تجربے سے سیکھتے ہیں۔
پاکستان کو توانائی کے شدید بحران پر قابو پانے میں چین کی مدد کو اجاگر کرتے ہوئے سی جی جی سی کے ڈائریکٹر جنرل برائے رابطہ کاری محمد شیر نے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی اور مقامی آبادی کی ترقی کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے مضبوط تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہمند پن بجلی منصوبے کی پیداواری صلاحیت 800 میگاواٹ ہے اور اس سے سالانہ تقریباً 2 ارب 86 کروڑ کلو واٹ آور بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے میں 12 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ اس کے علاوہ یہ منصوبہ آبپاشی کا دائرہ بڑھانے، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے، صوبائی دارالحکومت پشاور کو روزانہ 30 کروڑ گیلن پینے کا پانی فراہم کرنے اور صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے خطرے کو کم کرنے کے لئے بھی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے اہم مراحل میں پانی کا رخ موڑنے والی سرنگوں کی تعمیر اور ان میں راستہ بنانا، دریائے سوات کو بند کرنا اور مرکزی ڈیم کی تعمیر شروع کرنا شامل ہیں جبکہ سپل وے اور پاور ہاؤس کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ تعمیراتی کام کے عروج کے دوران اس منصوبے نے تقریباً 6 ہزار افراد کو روزگار فراہم کیا جن میں مقامی آبادی کو ترجیح دی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ چینی عملہ قدرتی آفات سے متاثرہ دیہاتیوں کو امدادی سامان بھی فراہم کرتا ہے جبکہ قریبی پرائمری سکولوں کے طلبہ کی وقتاً فوقتاً مدد بھی کی جاتی ہے۔
سی جی جی سی کے پراجیکٹ منیجر کوئی جیان نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں صاف توانائی کی فراہمی کی صلاحیت بڑھانے، بجلی کے نظام کو بہتر بنانے اور توانائی کی فراہمی کو مزید متنوع اور قابلِ اعتماد بنانے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ مہمند منصوبہ بجلی پیدا کرنے، پانی کی فراہمی، آبپاشی اور سیلاب سے بچاؤ کو یکجا کرنے والا کثیرالمقاصد آبی منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ترقی کے لحاظ سے یہ منصوبہ نہ صرف آبپاشی کے رقبے میں اضافہ کرے گا بلکہ موجودہ آبپاشی کے نظام کے لئے بھی پانی کی فراہمی بہتر بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخیرے اور بہتر انتظام کے ذریعے یہ منصوبہ پانی کے تحفظ، پینے کے پانی کی فراہمی اور زرعی آبپاشی کو بہتر بنائے گا، جس سے مقامی سطح پر زرعی پیداوار میں استحکام اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔



  تازہ ترین   
ریاض ایئرپورٹ پر حوثی میزائل حملہ، سعودی طیارے میں آگ بھڑک اٹھی
فیلڈ مارشل سے بحرینی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
امریکی صدر کا وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہ کرنے کا اعلان
یوکرین میں مسافر بسوں پر روسی گلائیڈ بم حملے، 30 افراد ہلاک
ایران یورینیم افزودگی کا عمل ترک نہیں کرے گا، سربراہ ایرانی جوہری توانائی تنظیم
روسی صدر کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، علاقائی بحران کے حل میں مدد کی پیشکش
فضل الرحمان مذاکراتی ڈیڈلاک ختم کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار، رپورٹ وزیراعظم کو پیش
پاکستان اور بحرین کا تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر