ریاض، صنعا (نیشنل ٹائمز) سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں میں 2 خواتین سمیت 3 افراد شہید جبکہ 36 زخمی ہوگئے ۔ یمن کے حوثی باغیوں نے دونوں ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ سعودی حکام نے حملوں کا الزام کسی فریق پر عائد نہیں کیا۔سعودی حکام کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ابہا اور کنگ خالد ایئرپورٹس کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ابہا ایئرپورٹ پر ایک مصری اور ایک الجزائر کی خاتون جبکہ ریاض ایئرپورٹ پر ایک سوڈانی شہری جاں بحق ہوا۔ سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا کہ ریاض پر حملے میں استعمال ہونے والے بیلسٹک میزائل کو راستے میں روک لیا گیا جبکہ اس کے لانچنگ پلیٹ فارم کو تباہ کردیا گیا۔حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ان کی مسلح افواج نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، حملہ درست نشانے پر لگا اور فضائی ٹریفک متاثر ہوئی۔ حوثیوں نے ابہا ایئرپورٹ اور خمیس مشیط میں کنگ خالد ایئربیس کو بھی ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔
حوثیوں نے یمن کے عبوری دارالحکومت عدن کے قریب فوجی رسد کے قافلے کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جبکہ یمنی حکومت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی صبا کے مطابق عدن ایئرپورٹ کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ ایک میزائل قاہرہ سے آنے والی پرواز کی متوقع آمد سے چند منٹ قبل رن وے کے قریب گرا، جس کے باعث پرواز کا رخ جدہ کی جانب موڑنا پڑا۔فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ریاض ایئرپورٹ کو فضائی حدود کی عارضی بندش کا بھی سامنا رہا۔ بدھ کو مغربی یمن میں نئی جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 62 جنگجو ہلاک ہوئے ، جن میں 37 حوثی شامل تھے ۔ یمنی حکومت نے حوثیوں کیخلاف بڑے جوابی حملے کا اعلان کرتے ہوئے بحیرہ احمر کے اہم علاقوں اور بندرگاہی شہر المخا سے حوثی جنگجوؤں کو پیچھے دھکیلنے کا دعویٰ کیا ہے ، تاہم حوثیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے زیرقبضہ علاقوں پر بدستور قابض ہیں۔یمنی حکومت کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تعز پر حوثیوں کے میزائل حملے میں 5 شہری زخمی ہوئے ۔ اقوام متحدہ کے مطابق لڑائی کے باعث ملک کے اندر 2 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ فریقین کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہوسکی۔
خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہوا۔ لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر سے سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر ممالک جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ اور گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے جدہ اور ریاض جانے والی 7 سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے دیگر ایئرپورٹس پر اتارا گیا، جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے 21 پروازیں منسوخ اور متعدد 3 سے 10 گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے دوحہ میں قطری امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف علی عبداللہی نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے کے بعد مزاحمتی محاذ نے دفاعی حکمت عملی کو جارحانہ حکمت عملی میں تبدیل کردیا، جس سے اسرائیلی ریاست کے زوال کی رفتار بڑھی۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا جنگ کو 8 ماہ ہوچکے ہیں اور ایران کے رہنماؤں کے مارے جانے کے بعد کسی کو معلوم نہیں ملک کی باگ ڈور کس کے ہاتھ میں ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دعویٰ کیا کہ ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کھو چکا اور ایرانی معیشت شدید زوال کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا امریکا ایسا معاہدہ قبول کرے گا جو ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکے ۔



