مکاؤ (شِنہوا) ہینگ چھن بندرگاہ پر مسافروں کی جانچ پڑتال کے لئے نئے تعمیر کئے گئے 52 راستے بدھ کو آزمائشی طور پرمکمل فعال کر دیئے گئے۔ اس اقدام کا مقصد چین کے جنوبی ہینگ چھن اور مکاؤ خصوصی انتظامی خطے کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحد پار آمدورفت سے نمٹنا اور مسافروں کی جانچ پڑتال کے عمل کو تیز کرنے کے ساتھ بندرگاہ کی خدمات اور گنجائش بہتر بنانا ہے۔
نئے راستوں کے فعال ہونے کے بعد مسافروں کی آمدورفت کے ہال میں داخلے اور خروج کے لئے جانچ پڑتال کے راستوں کی مجموعی تعداد 113 ہوگئی ہے جن میں 94 خودکار راستے شامل ہیں۔ توقع ہے کہ رش کے اوقات میں مسافروں کی جانچ پڑتال کے عمل کی رفتار میں 65 فیصد اضافہ ہوگا جس سے سرحد پار بڑھتی ہوئی آمدورفت کو بہتر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی۔
گوانگ ڈونگ صوبے کے شہر ژوہائی میں واقع ہینگ چھن مکاؤ سے پانی کی ایک مختصر پٹی کے ذریعے الگ ہے۔
ہینگ چھن اور مکاؤ کے درمیان بڑھتے ہوئے انضمام اور آمدورفت میں سہولت دینے والی پالیسیوں کے باعث ہینگ چھن بندرگاہ سے گزرنے والے مسافروں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئی ہینگ چھن بندرگاہ کا مسافروں کی آمدورفت کا ہال 18 اگست 2020 کو کھولا گیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک یہاں مسافروں کی 11 کروڑ سے زائد آمد و رفت ریکارڈ کی جا چکی ہے جو سالانہ اوسطاً 37.5 فیصد اضافے کے برابر ہے۔
رواں سال کے آغاز سے ہینگ چھن بندرگاہ پر مسافروں کی روزانہ تقریباً ایک لاکھ آمد و رفت ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد سے زیادہ اضافہ ہے۔ ان مسافروں میں مکاؤ کے رہائشیوں کا حصہ تقریباً 30 فیصد ہے جو ہینگ چھن اور مکاؤ کے درمیان بڑھتے ہوئے عوامی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔
چین کے ہینگ چھن اور مکاؤ کے درمیان معائنے کے نئے راستے آزمائشی طور پر فعال



