بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جاپانی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ چین اور جاپان کے درمیان چار سیاسی دستاویزات کے مقصد اور مشن کی پاسداری کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے یہ بات معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ منگل کو چین اور جاپان کے درمیان مشترکہ اعلامیے کے اجرا کی 54ویں سالگرہ تھی جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آئے تھے۔
مشترکہ اعلامیے میں جاپان نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ جنگ کی ذمہ داری کے حوالے سے “شدید احساس” رکھتا ہے اور ” اپنے طرز عمل پر گہرا افسوس” کرتا ہے۔ جاپان نے عوامی جمہوریہ چین (پی آر سی) کی حکومت کو چین کی واحد قانونی حکومت کے طور پر بھی تسلیم کیا تھا۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاپانی حکومت چینی حکومت کے اس موقف کو مکمل طور پر سمجھتی اور اس کا احترام کرتی ہے کہ تائیوان عوامی جمہوریہ چین کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔ مشترکہ اعلامیے سمیت چین اور جاپان کے درمیان چار سیاسی دستاویزات نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی سیاسی اور قانونی بنیاد قائم کی اور تاریخ اور تائیوان سمیت اہم اصولی معاملات کو مناسب طریقے سے حل کرنے کے لئے قواعد طے کئے۔
گو جیاکن نے کہا کہ اس وقت چین۔جاپان تعلقات کو ایک سنگین صورتحال کا سامنا ہے جس کی بنیادی وجہ دوطرفہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کو شدید نقصان پہنچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کی موجودہ قیادت نے نہ صرف اپنی جارحیت کی تاریخ پر غور کرنے سے انکار کیا ہے بلکہ یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ تائیوان میں کسی ہنگامی صورتحال سے جاپان کی بقا کو خطرہ لاحق ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے بیانات چین کی خودمختاری کو کھلا چیلنج ہیں اور چین۔جاپان تعلقات معمول پر لانے کے وقت ظاہر کی گئی خواہش اور جاپان کی جانب سے چین کے ساتھ کئے گئے سیاسی وعدوں کے منافی ہیں۔
گو جیاکن نے کہا کہ جاپان نام نہاد “بیرونی خطرے” کے بیانیے کو بھی مسلسل فروغ دے رہا ہے اور اسے عسکری سرگرمیوں میں تیزی لانے کے جواز کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طرز عمل جنگ کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی نظام کو چیلنج کرتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تاریخی اہمیت کے حامل دن پر ہم ایک بار پھر جاپانی حکومت کے ذمہ داران پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی غلطیوں پر سنجیدگی سے غور کریں، انہیں درست کریں اور حقیقی اقدامات کے ذریعے چاروں سیاسی دستاویزات کے مقصد اور اصول کی جانب واپس آئیں۔
سفارتی تعلقات بحالی کی 54ویں سالگرہ، چین کی جاپان کو سیاسی دستاویزات پر کاربند رہنے کی تاکید



