کراچی(نیشنل ٹائمز) وفاقی وزارت داخلہ نے کراچی میں ملک کا سب سے بڑا گرینڈ خدمت مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس بات کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارت داخلہ کے دفتر کے دورے کے دوران کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ گرینڈ خدمت مرکز میں وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے ۔شہریوں کو ایک ہی چھت تلے پاسپورٹ، شناختی کارڈز (نادرا)، اسلحہ لائسنس، مختلف این او سیز اور دیگر تمام متعلقہ سہولیات باآسانی فراہم کی جائیں گی۔محسن نقوی نے 10 روز کے اندر خدمت مرکز کا جامع ماسٹر پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ ماسٹر پلان تمام جدید اور ضروری تقاضوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات میسر آ سکیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے 17 سال بعد اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لئے چین سے درآمد کی گئی 21 نئی جدید ترین گاڑیاں کراچی پورٹ پر پہنچ گئیں۔
محسن نقوی نے کراچی پورٹ کا دورہ بھی کیا اور ریسکیو بیڑے میں شامل ہونے والی نئی گاڑیوں کاجائزہ لیا۔وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ تمام گاڑیاں آئندہ 5 روز کے اندر اسلام آباد پہنچ جائیں گی۔گاڑیاں دنیا کے جدید ترین آلات سے لیس ہیں اور فلک بوس عمارتوں میں 256 فٹ کی بلندی تک ریسکیو و فائر فائٹنگ آپریشنز کامیابی سے سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔نئے بیڑے میں 4 فائر ایریل ٹرک، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینکس سمیت دیگر معاون آپریشنل گاڑیاں شامل ہیں۔وزیر داخلہ نے نئی گاڑیوں کی تیز رفتار تیاری اور جلد ترسیل پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ایک بیان میں محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے ،کامیاب کارروائیاں قابلِ قدر ہیں،فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم کو ان پر ناز ہے ،قوم کی حمایت سے خوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔



