ٹوکیو (شِنہوا) ٹویوٹا موٹر کارپوریشن نے منگل کو بتایا ہے کہ اگست میں عالمی سطح پر اس کی فروخت گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 6.4 فیصد کم ہو کر 7 لاکھ 90 ہزار 743 گاڑیوں پر آگئی، جو مسلسل دوسرے ماہ کمی ہے۔
کمپنی کی عالمی پیداوار بھی گزشتہ سال کی نسبت 5.9 فیصد کم ہو کر 7 لاکھ 860 گاڑیوں پر آگئی ہے، جو مسلسل دوسرے ماہ کمی ہے۔
حجم کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی کے مطابق اس کی بیرون ملک فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.4 فیصد کم ہو کر 6 لاکھ 85 ہزار 676 گاڑیوں پر آگئی ہے، جو مسلسل 7 ویں ماہ کمی ہے۔ مارکیٹ کے لحاظ سے چین میں فروخت 22.8 فیصد، امریکہ میں 4.4 فیصد جبکہ مشرق وسطیٰ میں 37.5 فیصد کم ہوئی۔
تاہم جاپان میں مقامی فروخت 9.1 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 5 ہزار 67 یونٹس ہوگئی، جس کی بڑی وجہ نئے ماڈلز کی مضبوط طلب ہے۔
بیرون ملک پیداوار 7.6 فیصد کم ہو کر 4 لاکھ 96 ہزار 373 گاڑیوں پر آگئی ہے، جس کے ساتھ اس میں کمی کا سلسلہ مسلسل چوتھے ماہ بھی جاری رہا۔
جاپان میں مقامی پیداوار بھی 1.7 فیصد کم ہو کر 2 لاکھ 4 ہزار 487 یونٹس رہ گئی، جو 4 ماہ میں پہلی کمی ہے۔ ٹویوٹا نے اس کمی کی ایک وجہ جنوب مغربی جاپان کے صوبے کوماموتو میں جولائی میں آنے والے 7.1 شدت کے زلزلے کے ساتھ ساتھ طوفانوں کے باعث آنے والی رکاوٹوں کو قرار دیا ہے۔
ٹویوٹا کی فروخت اور پیداوار میں عالمی سطح پر اگست کے دوران مسلسل دوسرے ماہ کمی



