عمان (شِنہوا) اردن کے وزیر توانائی و معدنی وسائل صالح الخربشہ نے کہا ہے کہ اردن توانائی کے شعبے کو جدید بنانے کی کوششوں میں چین کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے کیونکہ قابل تجدید توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور سمارٹ گرڈز کے شعبوں میں چین کے پاس جدید مہارت اور وسیع تکنیکی و صنعتی صلاحیت موجود ہے۔
صالح الخربشہ نے اگست میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے ہمراہ چین کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے شِنہوا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس دورے سے ٹیکنالوجی، جدت اور توانائی کے شعبے، بالخصوص قابل تجدید توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے، سمارٹ گرڈز اور کان کنی میں چین کی ترقی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں چین کی قومی توانائی انتظامیہ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط دونوں ممالک کے تعلقات کو عمومی تعاون سے عملی تعاون کی جانب لے جانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
مفاہمت کی یادداشت میں بجلی کے قومی گرڈ کو جدید بنانے، توانائی ذخیرہ کرنے، قابل تجدید توانائی، ماحول دوست ہائیڈروجن اور ماحول دوست امونیا کے علاوہ صاف توانائی سے متعلق صنعتوں اور خدمات کے ایک مربوط نظام میں تعاون کے مواقع شامل ہیں۔
صالح الخربشہ نے کہا کہ یہ تعاون ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے اردن اور چین کی مشترکہ کوششوں کو مزید تقویت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے اس مشترکہ مقصد سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت زیادہ پائیدار اور وسائل کے موثر استعمال پر مبنی معیشتیں قائم کرنا اور کاربن اخراج میں کمی لانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اردن کی نئی توانائی حکمت عملی میں توانائی کے شعبے کو ترقی دینے اور جدید بنانے، قابل تجدید توانائی کا حصہ بڑھانے اور بیٹری سٹوریج ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے بجلی کے گرڈ کو جدید بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ تعاون اردن میں معیاری سرمایہ کاری لانے، نئے منصوبے شروع کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور توانائی و کان کنی کے شعبوں اور متعلقہ خدمات کو مضبوط بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ اس سے مقامی سطح پر قدر میں اضافہ ہوگا اور اردن کی معیشت کی مسابقتی صلاحیت بہتر ہوگی۔
صالح الخربشہ نے اردن میں توانائی کی مقامی فراہمی بڑھانے میں چینی کمپنیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے اردن کو چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملتا ہے۔ اس تجربے کی مدد سے بجلی کے زیادہ سمارٹ اور لچکدار گرڈ تیار کئے جاسکتے ہیں جو قابل تجدید بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو موثر انداز میں پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چینی مہارت اور ٹیکنالوجی توانائی کے بہتر اور موثر استعمال، نقصانات میں کمی اور پانی، صنعت اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردن اور چین کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون صرف مملکت کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے تک محدود نہیں۔ یہ اقتصادی ترقی کا ذریعہ، ابھرتی ہوئی صنعتوں کی ترقی کے لئے ایک پلیٹ فارم اور اردن کو ماحول دوست توانائی، متعلقہ خدمات اور ٹیکنالوجی کے علاقائی مرکز کے طور پر مضبوط بنانے کا موقع بھی بن سکتا ہے۔
صالح الخربشہ نے کہا کہ مستقبل میں اردن چینی کمپنیوں کے ساتھ کامیاب شراکت داری کے وسیع امکانات دیکھتا ہے اور ٹیکنالوجی، جدت اور تجربات و معلومات کی منتقلی سمیت مزید شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے جس سے مقامی ترسیلی سلسلے کے قیام میں مدد ملے گی۔
وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، استعداد کار میں اضافے اور باہمی مفاد پر مبنی ترقی کے اصولوں پر ایک مثال بن سکتی ہے۔ اس سے دونوں ممالک کی ترقی کی خواہشات کو آگے بڑھانے اور اردن اور چین کے تعلقات میں مزید پیش رفت کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔
اردن چین کو توانائی کے شعبے کو جدید بنانے میں اہم شراکت دار سمجھتا ہے، وزیر توانائی



