لندن(نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف کا لندن سٹاک ایکسچینج کا دورہ، مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لندن سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لندن سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب میں مدعو کیا جانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔
وزیراعظم کہنا تھا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں، کہ معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایک محفوظ مقام تک پہنچنے کے لیے درست سمت میں اپنا کردار جاری رکھیں گے، معاشی ترقی کے لیے وزیرخزانہ اور دیگرحکام کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
دوسری جانب لندن میں انہوں نے دنیا کے معروف مالیاتی اداروں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بارکلیز کے ہیڈ آف پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ یو کے محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بارکلیز کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جس پر شہباز شریف نے بارکلیز کو پاکستان کے مالیاتی شعبے اور کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
جے پی مورگن کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو ولٹز کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں سرمایہ مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، انہیں بھی پاکستان میں اپنی سرگرمیوں اور موجودگی مزید وسعت دینے کی دعوت دی جب کہ وفد نے پاکستانی خودمختار قرضہ جات کی کیپٹل مارکیٹس اور کارپوریٹ بینکنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
سٹی کے چیف کلائنٹ آفیسر ڈیوڈ لیونگ اسٹون کی قیادت میں حکام سے ملاقات میں شہباز شریف نے پاکستان میں بینک کی طویل عرصے سے موجودگی کو سراہا اور کارپوریٹ و ادارہ جاتی بینکنگ خدمات کو مزید وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔
بلیک راک کے ایمرجنگ مارکیٹس اینڈ فرنٹیئرز کے شریک سربراہان گورڈن فریزر اور سیم ویچ سمیت وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے فرنٹیئر مارکیٹس حکمت عملی کے تحت پاکستانی ایکویٹیز اور فکسڈ انکم میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی، دونوں جانب سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
مزید برآں روتھ شیلڈ اینڈ کو کے چیئر، جیو اسٹریٹجک ایڈوائزری لارڈ مارک سیڈول اور ہیڈ آف یو کے انویسٹمنٹ بینکنگ مجید اسحاق سے ملاقات میں پاکستان کی جیو اکنامک ترجیحات، کیپٹل مارکیٹس اور سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے حوالے سے ممکنہ مشاورتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



