اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے مختلف شناختی دستاویزات اور متعلقہ خدمات کی تازہ فیس کا اسٹرکچر جاری کردیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مختلف دستاویزات کی فیس سروس کی نوعیت کے اعتبار سے مقرر کی گئی ہے، جس میں نارمل، ارجنٹ اور ایگزیکٹو کیٹیگریز شامل ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے فیس کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں تاکہ دستاویزات کے حصول کے وقت انہیں مقررہ رقم کے بارے میں آگاہی حاصل ہو۔
تفصیلات کے مطابق فارم ب (سی آر سی) کے اجرا کی نارمل فیس 50 روپے ہے، جبکہ اس کی ارجنٹ سروس دستیاب نہیں۔ ایگزیکٹو کیٹیگری میں فارم ب کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
جووینائل کارڈ حاصل کرنے کے لیے نارمل فیس 750 روپے، ارجنٹ فیس 1500 روپے اور ایگزیکٹو کیٹیگری کی فیس 2500 روپے مقرر کی گئی ہے۔



