مونٹریال (نیشنل ٹائمز) پاکستان کے قونصل جنرل فیصل ابڑو نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشنز (IFALPA) کے صدر کیپٹن رون ہائے سے ملاقات کی، جو پاکستان اور IFALPA کے درمیان تعاون کے امکانات پر بات چیت کے لیے خصوصی طور پر امریکا سے مونٹریال پہنچے۔
ملاقات میں ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے اور پاکستانی پائلٹس کے لیے خصوصی تربیت و استعداد کار کے پروگرامز کے اجرا کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بات چیت میں فلائٹ سیفٹی کے فروغ، آپریشنل معیار کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی پائلٹس کو بدلتے ہوئے بین الاقوامی ایوی ایشن اسٹینڈرڈز کے مطابق جدید معلومات، مہارتوں اور بہترین طریقہ کار سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ملاقات کو پاکستان کی ایوی ایشن کمیونٹی اور IFALPA کے درمیان قریبی تعاون کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا گیا، جس کا مقصد پیشہ ورانہ معیار، پائلٹ ڈویلپمنٹ اور پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں سیفٹی کلچر کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ IFALPA کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ بھی کرے گی، جس کے دوران باہمی تعاون کے مزید امور پر پیش رفت متوقع ہے۔



