تہران (نیشنل ٹائمز) ایرانی پاسداران انقلاب فورس کے ترجمان جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے دوبارہ حملہ کیا گیا تو ایران اپنے جواب میں ہتھیاروں اور جنگ کے جغرافیے میں تبدیلی کرے گا۔
جنرل حسین محبی کے مطابق امریکی جارحیت کا جواب نئے ہتھیاروں اور ایسے اہداف کے ذریعے دیا جائے گا جنہیں پہلے نشانہ نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ایسے نئے ہتھیار استعمال کیے جائیں گے کہ دنیا حیران رہ جائے گی۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ خطے میں ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کا نشانہ بننے والے بیشتر امریکی فوجی اڈے ناکارہ ہوچکے ہیں جبکہ امریکی فوجیوں اور فوجی سازوسامان کو دیگر مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں اپنی تاریخی اور ذلت آمیز شکست تسلیم کرنے کی ہمت نہیں ہے۔
جنرل حسین محبی نے امریکا کے ساتھ کسی بھی رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا امریکا سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی سفارتی عمل میں شرکت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسداران انقلاب ایران کا دفاعی اور عسکری بازو ہے اور یہ کسی بھی سفارتی سرگرمی میں شامل نہیں ہوتا۔



