پاک ایران تجارت ،امریکی پابندیوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں :دفتر خارجہ

اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران کے درمیان تجارت پر امریکی پابندیوں کے ممکنہ اثرات کا وزارت تجارت کے ساتھ مل کر بغور جائزہ لیا جا رہا ہے ۔طاہر حسین اندرابی نے آخری ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ یکم ستمبر کو ہیگ میں قائم مستقل عدالت برائے ثالثی (PCA) نے ایک بار پھر واضح کردیا کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذالعمل ہے ۔ بھارت  کی جانب سے معاہدے کو یکطرفہ طور پر ‘‘التوا’’ میں رکھنے یا عدالتی فیصلے کو مسترد کرنے سے اس کی قانونی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوتیں۔ پاکستان فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا، اس کیلئے تمام سفارتی و غیر سفارتی آپشنز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بشکیک میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے کرغزستان کے صدر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ تجارت، معیشت، صنعت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔ اجلاس میں وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستان نے ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھال لی، آئندہ سال کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں تینوں ممالک نے علاقائی امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مکہ دفاعی معاہدے میں دیگر ممالک کی شمولیت کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ فی الحال کسی ملک کی باضابطہ درخواست سے آگاہ نہیں، تاہم جو ملک اجتماعی ذمہ داریوں اور مشترکہ سلامتی کے مفادات کے عزم کے ساتھ شمولیت چاہے گا، اس کی درخواست مشاورت کے بعد دیکھی جائے گی۔ایران امریکا کشیدگی کے حوالے سے طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر تنازع کے خاتمے کیلئے مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ وزیراعظم نے بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے تحمل، مذاکرات اور مسلسل سفارتکاری کے ذریعے امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا گزشتہ ہفتے ایران کا دورہ بھی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ کشیدگی بالآخر ختم ہوگی اور فریقین مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے ۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) اور پاکستان، قطر مشترکہ اعلامیہ فریقین کو مذاکرات کی جانب واپس لانے کیلئے فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔سندھ طاس معاہدے کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ مستقل عدالت برائے ثالثی کے متفقہ فیصلے نے معاہدے کی حیثیت اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی کی توثیق کی ہے ۔ بھارت فیصلے کو مسترد کرکے اپنی قانونی ذمہ داریوں کو تبدیل یا ختم نہیں کرسکتا، نہ ہی بین الاقوامی قانون کو اپنی سہولت کے مطابق استعمال کرسکتا ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بشکیک میں مختلف ملاقاتوں کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھایا۔ افغان ناظم الامور کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں شرکت کے بارے میں طاہر اندرابی نے کہا کہ یہ ایک تعلیمی سرگرمی تھی اور اسے دونوں ممالک کے تعلقات کا پیمانہ نہیں سمجھنا چاہیے ۔بریفنگ کے اختتام پر طاہر حسین اندرابی نے سفیر سجاد حیدر خان کو نئے ترجمان دفتر خارجہ کے طور پر متعارف کرایا۔ 



  تازہ ترین   
امریکا کا مشرق وسطیٰ میں 10 ہزار اضافی فوج بھیجنے کا فیصلہ
سعودی اتحادی افواج کا حوثیوں پر مدینہ منورہ کے طیبہ گرڈ سٹیشن پر ڈرون حملے کا الزام
پوری دنیا ایرانی قوم کی ہمت، بہادری اور استقامت پر حیران ہے: صدر پیوٹن
روس کا جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، کریملن
خلیجی ممالک کی مدینہ منورہ میں حوثی ڈرون حملے کی شدید مذمت
سعودی وزیر دفاع کے امریکی و فرانسیسی وزرائے دفاع سے رابطے، امن کیلئے اقدامات پر زور
بھارت نے ایک اور فالز فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھانڈا پھوڑ دیا
افغان طالبان کے زیرکنٹرول علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی، ڈرون حملے





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر