اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کر دیے۔
وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق نیا معاہدہ پاکستان اور کویت کے موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت دے گا۔ پروٹوکول ایگریمنٹ 2026، دونوں ممالک کے درمیان 2023 میں طے پانے والے دفاعی تعاون معاہدے کے تحت قائم فریم ورک کا تسلسل ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا، جبکہ کویتی مسلح افواج کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے میں بھی پاکستان اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
پاکستان کویت کے ساتھ سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کرے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو باہمی طور پر طے شدہ شعبوں تک مزید وسعت دی جائے گی۔
وزارت دفاع کے مطابق پاک کویت دفاعی تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک نے باہمی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔



