اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں میں محافل میلاد، سیرت کانفرنسز، نعتیہ پروگرامز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہونے، اخوت، رواداری، عدل، مساوات اور امن کے فروغ پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پوری قوم اور امت مسلمہ کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت کا مظہر ہے۔ سیرت طیبہ ﷺ انسانیت کے لیے امن، محبت، برداشت، عدل و انصاف اور بھائی چارے کا جامع درس ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں اتحاد، رواداری، باہمی احترام اور سماجی انصاف کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اس بابرکت دن ہمیں اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالنے اور معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا خیال رکھنے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد، یکجہتی، برداشت اور باہمی احترام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ فرقہ واریت، نفرت اور تعصبات سے بالاتر ہو کر اسلامی اخوت اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانا ہوگا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور پوری امت مسلمہ کو امن، خوشحالی، ترقی اور استحکام عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی توفیق دے۔
وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم اور امت مسلمہ کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیات مبارکہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے عدل و انصاف، مساوات، اخوت، برداشت، رواداری، رحم اور احترام انسانیت کے اصولوں پر مبنی معاشرے کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ معاشرے میں امن و استحکام، بھائی چارے اور خوشحالی کے قیام کے لیے ہر فرد اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں تعلیمات نبوی ﷺ پر عمل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں معاشرے سے نفرت، عدم برداشت اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و استحکام عطا فرمائے، ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے اور پوری امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق نصیب فرمائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا پیغام
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل، شفقت اور امن کی ابدی روشنی ہے۔ حضور اکرم ﷺ کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے بالاتر ہے اور انسانیت کی حقیقی بھلائی آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے، مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے، کمزوروں کا ساتھ دینے، عفو و درگزر سے کام لینے اور ہر انسان کے وقار و حقوق کا احترام کرنے میں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ اور کردار عظیم سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اخوت، رواداری، حسن سلوک اور انسانیت کی خدمت کے عزم کی تجدید کرے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور امت مسلمہ کو باہمی ہم آہنگی، خوشحالی اور دائمی امن عطا فرمائے اور ہمیں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنی انفرادی زندگی اور اجتماعی کردار میں اپنانے کی بصیرت اور توفیق دے۔
سپیکر قومی اسمبلی کا پیغام
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے اور آپ ﷺ کی سیرت طیبہ محبت، اخوت، عدل، برداشت، رواداری اور حسن اخلاق کا کامل نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اپنانے اور معاشرے میں محبت، اخوت، باہمی احترام اور رواداری کو فروغ دینے کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور اس محبت کا حقیقی تقاضا آپ ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کی پیروی کرنا ہے۔ انہوں نے فرقہ واریت، تعصبات اور باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سیرت نبوی ﷺ خواتین، بچوں اور معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق، عزت و وقار اور تحفظ کا جامع درس دیتی ہے۔ ایک مہذب اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ہر فرد کے حقوق اور عزت و وقار کا مکمل تحفظ ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا پیغام
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ تاجدار مدینہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں فرد کی ذات سے لے کر معاشرے کے ہر شعبے تک اصلاح کا عمل شروع کیا جائے تو معاشرہ جنت کا نمونہ بن سکتا ہے۔ اخوت، امن اور خیرسگالی کی فضا قائم کرنے کے لیے اسوہ رسول ﷺ کی پیروی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے تذکیر اور تجدید عہد کا دن ہے۔ تعلیمات نبوی ﷺ سے اپنا رشتہ مزید مضبوط بنا کر معاشرے کو مثالی معاشرے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے امن و آشتی، اخوت، احترام انسانیت، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا، جبکہ آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ پوری بنی نوع انسان کے لیے مشعل راہ ہے۔
امجد حسین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ انہوں نے اس بابرکت موقع پر مسلمانان عالم، بالخصوص تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس دن کی فضیلت، سعادت اور برکت سے ہر مسلمان کا دل منور فرمائے اور وطن عزیز کو اس یوم مبارک کے فیوض و برکات سے مالا مال کرے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں مساجد، سرکاری و نجی اداروں اور مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر خصوصی پروگرامز اور محافل منعقد ہوں گی، جن میں علماء کرام اور مقررین حضور اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ، تعلیمات اور اسوہ حسنہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔



