اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحیی نے وزیراعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم نے محمد یحیی سے ان کے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی شاندار خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی سے متعلق ترجیحات، بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت، پائیدار ترقی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم کی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے پاکستان کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار، بالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے محمد یحیی کو اقوام متحدہ کے دفترِ رابطہ برائے انسانی امور میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔



